ترواننت پورم/ آواز دی وائس
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کے روز کیرالہ کے ورکلا میں واقع شیواگیری مٹھ میں سری نارا ین گرو کے مہا سمادھی صدی تقریب کا افتتاح کیا۔ صدرِ ہند کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر دروپدی مرمو نے کیرالہ کے ورکلا میں شیواگیری مٹھ میں سری نارا ین گرو کی مہا سمادھی صد سالہ تقریب کا افتتاح کیا۔
صدر نے کہا کہ سری نارا ین گرو ہندوستان کے عظیم روحانی رہنماؤں اور سماجی مصلحین میں سے ایک تھے جنہوں نے نسل در نسل لوگوں کو مساوات، اتحاد اور انسانیت سے محبت کے نظریات پر یقین رکھنے کی ترغیب دی۔
سری نارا ین گرو (20 اگست 1856 – 20 ستمبر 1928) کیرالہ کے ایک روحانی پیشوا، فلسفی، سماجی مصلح اور مہان سنت تھے۔ انہوں نے تعلیم، صفائی، عبادت، تنظیم، زراعت اور خودکفالت کو فروغ دیا۔ وہ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ درست مہارت، محنت، علم، تعلیم اور صاف ستھرا ماحول حاصل کر کے لوگ خوداعتماد، باعزت، نڈر اور اخلاقی و مالی طور پر مضبوط معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
دن کے اوائل میں صدر مرمو نے سابق صدر کے آر نرایانن کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور کیرالہ راج بھون میں انہیں پھولوں کی نذرانہ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کے آر نرایانن کی اخلاقیات، دیانت داری، ہمدردی اور جمہوری اقدار کی وراثت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج راج بھون میں آنجہانی شری کے آر نرایانن کے مجسمے کی نقاب کشائی کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ میں شری رام ناتھ کووند جی، سابق صدرِ ہند کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی رہنمائی میں یہ اقدام کیا گیا۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی یادیں لوگوں کو مساوات، دیانت داری اور عوامی خدمت کے ان اقدار کو قائم رکھنے کی ترغیب دیتی رہیں گی جن پر وہ ہمیشہ قائم رہے۔
صدر مرمو نے کے آر نرایانن کی حوصلہ افزا زندگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمی شرافت، ہندوستانی فارن سروس میں نمایاں خدمات اور پارلیمانی، وزارتی اور صدارتی دور میں انصاف و شمولیت کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آنہجانی شری کے آر نرایانن کی زندگی حوصلے، ثابت قدمی اور خود اعتمادی کی کہانی ہے۔ تعلیم کے ذریعے انہوں نے ملک کے سب سے اعلیٰ آئینی عہدے تک رسائی حاصل کی۔ ان کی تعلیمی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ مقصد کے ساتھ عزم و موقع ملنے پر کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ سیاست میں آنے سے قبل انہوں نے ہندوستانی فارن سروس میں ایک ممتاز کیریئر بنایا۔ شری نرایانن نے ہندوستان کے امن، انصاف اور تعاون کے اقدار کو نہایت مخلصی سے برقرار رکھا۔ بعد ازاں وہ پارلیمنٹ کے رکن اور مرکزی وزیر بنے اور ہمیشہ انصاف، شمولیت اور مساوات کے اصولوں پر کاربند رہے۔