نئی دہلی۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ملک میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل اور فزیکل بنیادی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر عدم استحکام کے باوجود ہندوستان خود انحصاری کی بنیاد پر دنیا کی تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے۔یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مرمو نے کہا کہ دنیا کے کئی علاقوں میں جنگ اور عدم استحکام کے اثرات تمام ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ ایسے حالات کے باوجود ہندوستان کی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ معاشی اندازوں کے مطابق ہندوستان کی شرح نمو دنیا کی اوسط شرح نمو کے مقابلے میں دوگنے سے بھی زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ آتم نربھر بھارت مہم نے ملک کی معاشی ترقی اور قومی سلامتی کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ دنیا کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ثقافتی خود اعتمادی پر مبنی ترقی زیادہ متحرک اور دیرپا ہوتی ہے۔
صدر جمہوریہ نے معاشی تعاون بڑھانے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ حالیہ عرصے میں کیے گئے آزاد تجارتی معاہدوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان گلوبل ساؤتھ کے ممالک میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ملک میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ دیہی علاقوں کی چھوٹی دکانوں سے لے کر ریہڑی پٹری تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کا استعمال ہو رہا ہے۔ دنیا میں ہونے والے نصف سے زیادہ ریئل ٹائم ڈیجیٹل لین دین ہندوستان میں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے شہریوں اور حکومت نے مل کر دنیا کے سامنے ڈیجیٹل انقلاب کی ایک مثال پیش کی ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کی سہولیات کو شفاف طریقے سے لوگوں تک پہنچانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔صدر مرمو نے کہا کہ ملک میں شاہراہوں۔ آبی گزرگاہوں۔ ریل راستوں اور فضائی راستوں کی شکل میں جدید بنیادی ڈھانچے میں بے مثال توسیع ہوئی ہے۔ اس ترقی سے نئے اور جدید اداروں کے قیام کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مضبوط ہو رہا ہے۔