نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے منگل کے روز اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بھون چندر کھنڈوری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وہ طویل علالت کے بعد دہرادون میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔
بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر بھون چندر کھنڈوری کے انتقال پر صدر دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج میں نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے عوامی زندگی میں ایمانداری، سادگی، شفافیت اور ترقیاتی سیاست کی بہترین مثال قائم کی۔
صدر مرمو نے مزید کہا کہ ملک اور اتراکھنڈ کی ترقی، بہتر حکمرانی اور عوامی فلاح کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بھون چندر کھنڈوری نے ایک فوجی افسر اور سیاستدان دونوں حیثیتوں میں ملک کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کی ترقی کے لیے ان کی وابستگی ان کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں واضح طور پر نظر آئی۔ مودی نے بطور مرکزی وزیر سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے شعبے میں ان کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ ملک میں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے میں ان کا اہم کردار رہا۔
وزیراعظم نے کہا، “غم کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں ان کے خاندان اور حامیوں کے ساتھ ہیں۔ اوم شانتی!” بھون چندر کھنڈوری کی صاحبزادی اور اتراکھنڈ اسمبلی کی اسپیکر ریتو کھنڈوری بھوشن کے مطابق وہ صبح تقریباً 11 بجے دہرادون میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے عمر سے متعلق بیماریوں میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند مہینوں میں کئی بار اسپتال میں داخل بھی رہے۔
سیاست میں آنے سے پہلے بھون چندر کھنڈوری بھارتی فوج میں خدمات انجام دیتے رہے اور میجر جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ وہ دو مرتبہ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رہے اور سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں مرکزی وزیر کے طور پر سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت بھی سنبھالتے رہے۔