صدر دروپدی مرمو نے بابا صاحب امبیڈکر کی 135ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2026
صدر دروپدی مرمو نے بابا صاحب امبیڈکر کی 135ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر دروپدی مرمو نے بابا صاحب امبیڈکر کی 135ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔

 



احمد آباد:صدر دروپدی مرمو نے منگل کے روز گجرات کے دورے کے دوران لوک بھون میں ہندوستانی آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی 135ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کی تصویر پر گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت نے بھی بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس تقریب میں مرکز اور ریاست کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

اس سے قبل آج نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ احاطے میں واقع پریرنا استھل پر بھارت رتن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر پارلیمانی امور کرن ریجیجو اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی بابا صاحب کو یاد کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کی تعمیر کے لیے ان کی کوششیں انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ بابا صاحب امبیڈکر کی زندگی اور خدمات آنے والی نسلوں کو ایک منصفانہ اور ترقی پسند معاشرہ قائم کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔

امبیڈکر جینتی کے موقع پر صدر دروپدی مرمو نے ملک کے شہریوں کو مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ وہ عظیم سماجی مصلح اور ہندوستانی آئین کے معمار کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

صدر مرمو نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر ایک ماہر قانون، ماہر معاشیات، گہرے مفکر اور مساوات پر مبنی سماجی نظام کے مضبوط حامی تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی محروم اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کی اور اس سلسلے میں تاریخی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امبیڈکر نے نہ صرف عدم مساوات کے خاتمے کا راستہ دکھایا بلکہ ہندوستان کی جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خواتین کی تعلیم اور ان کے حقوق کو بھی ترجیح دی۔

صدر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات کو اپنی زندگی میں اپنائیں اور ایک منصفانہ، جامع اور ترقی یافتہ ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، جنہیں بابا صاحب کے نام سے جانا جاتا ہے، ہندوستانی آئین کے معمار اور سماجی اصلاحی تحریک کے اہم رہنما تھے۔ وہ ایک دلت مہار خاندان میں پیدا ہوئے اور اپنی پوری زندگی سماجی انصاف اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔

وہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر قانون و انصاف رہے اور انہیں 1990 میں ان کی خدمات کے اعتراف میں بعد از مرگ بھارت رتن سے نوازا گیا۔