نئی دہلی
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کے روز “پنک نیشنل کومن موبیلیٹی کارڈ” اور دہلی حکومت کی خواتین پر مرکوز تین دیگر فلاحی اسکیموں کا آغاز کیا۔“بااختیار ناری، خوشحال دہلی” پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بسوں میں مفت سفر اور مربوط ٹرانسپورٹ سہولت جیسی پہل خواتین کی آزادی اور تحفظ کو مضبوط بنائیں گی۔اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب کے دوران صدر نے راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کے لیے بھی ایک اسکیم کا آغاز کیا، جس کے تحت ہولی اور دیوالی کے موقع پر ہر سال دو ایل پی جی سلنڈر مفت فراہم کیے جائیں گے۔
ایک بیان کے مطابق، براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے 129 کروڑ روپے مستحقین کے بینک کھاتوں میں براہِ راست جمع کرائے جائیں گے۔صدرِ جمہوریہ نے “دہلی لکھپتی بیٹیاں یوجنا” اور “میری پونجی، میرا ادھیکار” پہل کا بھی آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی کی آزادی کے ساتھ بااختیار خواتین سماج اور قوم کی سمت بدل سکتی ہیں۔
اجتماعی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ سماج کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج شروع کی گئی اسکیمیں خواتین کو بااختیار بنائیں گی اور خوشحال دہلی کے ہدف کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی۔
وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا كہ ہماری خواتین پر مرکوز حکومت ان چار اسکیموں کے ذریعے بچی کی پیدائش سے ہی تحفظ، ان کی تعلیم میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ میں خود انحصاری اور باورچی خانے میں راحت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا كہ خواتین کے لیے بسوں میں مفت سفر کی سابقہ حکومت کی اسکیم میں کئی خامیاں تھیں اور اس میں بدعنوانی کی گنجائش موجود تھی۔ ہمارا ‘سہیلی پنک اسمارٹ کارڈ’ صرف ایک سفری کارڈ نہیں بلکہ دہلی کی خواتین کے لیے ‘عزت کا کارڈ’ ہے۔
گپتا نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اب محض ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک قومی عزم بن چکا ہے۔