پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کے انتخابات کو لے کر جن سوراج پارٹی کے رہنما پرشانت کشور نے ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پرشانت کشور نے کہا کہ ان کی پارٹی نے بہار انتخابات سے پہلے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا ہے اور نہ ہی انتخابات کے بعد کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں پی کے نے کہا کہ مجھے دو امکانات نظر آ رہے ہیں۔ عوام نے جن سوراج کو ایک متبادل کے طور پر دیکھا ہے۔ طویل عرصے سے جاری مایوسی کے ماحول کو دیکھتے ہوئے لوگوں کو اعتماد کی ایک چھلانگ لگانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن سوراج یا تو 10 سے کم نشستیں جیتے گا یا 150 سے زیادہ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انتخابات کے بعد جن سوراج ’کنگ میکر‘ بن کر ابھرتا ہے تو کیا وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر سکتے ہیں، تو پرشانت کشور نے کہا کہ ہم اس پار اور اُس پار کی سیاست نہیں کرتے۔ اگر عوام ہمیں مینڈیٹ نہیں دیتی، تو ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ میں آپ کو تحریری طور پر دے سکتا ہوں — نہ تو انتخابات سے پہلے کوئی اتحاد ہوگا، نہ ہی بعد میں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ اگر انتخابات کے نتائج میں معلق اسمبلی یا منقسم مینڈیٹ سامنے آتا ہے تو کیا وہ اتحاد پر غور کریں گے، تو انہوں نے کہا کہ اگر ایسی صورتحال آتی ہے کہ ہمارے بغیر حکومت نہیں بن سکتی، تو مجھے معلوم ہے کہ کچھ لوگ پلٹ جائیں گے، میں انہیں روک نہیں پاؤں گا۔کشور نے اس کے لیے "لکشمی (دولت) کے لالچ" اور "مرکزی ایجنسی (سی بی آئی) کے خوف" کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
پرشانت کشور نے مزید کہا کہ فرض کریں، اگر جن سوراج کے 30 ایم ایل اے ہوں، اور حکومت سازی کی کنجی انہی کے ہاتھ میں ہو، تو کیا وہ میرے کہنے پر چلیں گے؟ لیکن میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میں خود ایمان دار رہوں گا۔انہوں نے بی جے پی پر بالواسطہ طور پر ارکانِ اسمبلی کی خرید و فروخت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امت شاہ سے بھی تحریر لے لیجیے کہ اگر این ڈی اے اکثریت سے پیچھے رہ گیا تو کسی بھی ایم ایل اے کو نہ خریدا جائے گا اور نہ ہی ان پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ آپ پوچھتے ہیں کہ کیا ہم نہیں بیچیں گے، تو ان سے بھی پوچھیں جو خریدیں گے۔اس سے پہلے، پرشانت کشور سے ایک انتخابی حکمت کار کے طور پر ان کے تجربے اور خود الیکشن لڑنے اور دوسروں کو لڑانے میں فرق کے بارے میں پوچھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں بھی میں دوسروں کو لڑا رہا ہوں، بس فرق اتنا ہے کہ میں نے اس کے لیے ایک نئی حکمتِ عملی بنائی ہے۔ پہلے میں تیار حکمتِ عملی کے ساتھ کام کرتا تھا۔"
جب عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کی مثال دی گئی — جنہوں نے 2013 کے دہلی انتخابات میں اُس وقت کی وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کو شکست دی تھی — تو پرشانت کشور نے جواب دیا کہ یہ اچھی بات ہے کہ آپ کہتے ہیں کہ اروند کیجریوال اور میں الگ ہیں، ہماری سیاست مختلف ہے۔ اس کے علاوہ، بہار کے وزیر اعلیٰ تو انتخاب نہیں لڑ رہے، جبکہ شیلا دکشت خود میدان میں تھیں۔ اگر میں تیجسوی (راغوپور میں) کے خلاف انتخاب لڑتا، تو لوگ کہتے کہ میں ایک پسماندہ طبقے کے رہنما کے خلاف میدان میں اترا ہوں۔