پرشانت کشور نے بہار کے نائب وزیر اعلی پر طنز کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-11-2025
پرشانت کشور نے بہار کے نائب وزیر اعلی پر طنز کیا
پرشانت کشور نے بہار کے نائب وزیر اعلی پر طنز کیا

 



گیا/ آواز دی وائس
جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے جمعہ کے روز بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری پر طنزیہ نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ سمراٹ چودھری کو سب سے پہلے اپنی اسمبلی نشست ترپور جیتنے کی فکر کرنی چاہیے، نہ کہ بھارتیہ  جنتا پارٹی (بی جے پی) اور این ڈی اے کی مجموعی کارکردگی پر تبصرہ کرنا چاہیے۔
پرشانت کشور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمراٹ چودھری کو یہ بتانا چاہیے کہ وہ ترپور سیٹ جیت رہے ہیں یا ہار رہے ہیں۔ وہ خود کو بہت بڑا لیڈر کہتے ہیں، مگر دوسروں جیسے امیت شاہ اور راجناتھ سنگھ کی ریلیاں کر رہے ہیں۔ اگر انہیں اپنے کام پر اتنا اعتماد ہے تو وہ خود اپنی محنت کے بل پر جیت دکھائیں۔ 56 سالہ بی جے پی لیڈر اور موجودہ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری ترپور اسمبلی حلقے سے امیدوار ہیں، جہاں جمعرات کو ووٹنگ مکمل ہوئی۔ وہ اس سیٹ پر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں جو 2010 سے جنتا دل (یونائیٹڈ) کے قبضے میں ہے۔ بی جے پی کے امیدوار کے علاوہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ارون کمار سہ اور جن سوراج کے سنتوش سنگھ بھی اس حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
پرشانت کشور نے دوسرے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں بی جے پی لیڈر کے قافلے پر ہوئے حملے سے ریاست میں بگڑتے قانون و نظام کا ثبوت ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وجے کمار سنہا نے خود اپنی حکومت کے 'چال، چریتر اور چہرہ' کی تصدیق کر دی ہے۔ یہاں کوئی محفوظ نہیں ہے، قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں۔ اب تک عوام برداشت کر رہے تھے، لیکن اب الیکشن کے دوران لیڈر بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 6 نومبر کو بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران، نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے لاکھی سرائے کے امیدوار وجے کمار سنہا کے قافلے پر ان کے حلقے کے کھوریاری گاؤں میں حملہ کیا گیا۔
سنہا نے الزام لگایا تھا کہ ان کے قافلے پر "آر جے ڈی کے غنڈوں" نے حملہ کیا اور انہوں نے وعدہ کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف بلڈوزر کارروائی کی جائے گی۔ اسی دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو پر بھی نشانہ سادھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ "لالو یادو کے خاندان کا کوئی بھی فرد اس الیکشن میں نہیں جیتے گا"۔ انہوں نے کہا کہ لالو پرساد یادو کے خاندان کا کوئی بھی فرد انتخابات نہیں جیتے گا۔ ادھر سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے جمعرات کو این ڈی اے حکومت کے 20 سالہ دور اقتدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب بہار میں تبدیلی ضروری ہے۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ توا پر روٹی پلٹتی رہنی چاہیے، ورنہ جل جائے گی۔ 20 سال بہت زیادہ ہیں! اب نوجوانوں کی حکومت اور نئے بہار کے لیے تیجسوی یادو کی حکومت لازمی ہے۔ پہلے مرحلے کے انتخابات میں ریاست کے 18 اضلاع کی 3.75 کروڑ سے زیادہ ووٹروں نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ بہار قانون ساز اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ آج پُرامن اور خوشگوار ماحول میں مکمل ہوئی، جس میں بہار کی تاریخ میں سب سے زیادہ 64.66 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ اس سے قبل بہار اسمبلی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹنگ کا فیصد سال 2000 میں ریکارڈ کیا گیا تھا، جو 62.57 فیصد تھا۔