کاراکاس
وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں بدھ کی شام ایک ہی علاقے میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے شدید تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ یہ معلومات امریکی ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) نے فراہم کی ہیں۔یو ایس جی ایس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے 1 لاکھ کے درمیان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق پہلا زلزلہ 7.2 شدت کا تھا، جو سان فیلیپے کے قریب رات 22:04 جی ایم ٹی پر آیا۔ یہ مقام کاراکاس سے تقریباً 284 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔اس کے فوراً بعد 7.5 شدت کا دوسرا زلزلہ یومارے کے قریب آیا، جو دارالحکومت سے تقریباً 293 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
یو ایس جی ایس نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑی تعداد میں جانی نقصان اور وسیع پیمانے پر تباہی کا امکان ہے، اور یہ آفت ممکنہ طور پر بڑے علاقے کو متاثر کرے گی۔وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ توجہ فرمائیں: میں جلد ہی وینزویلا کے عوام سے خطاب کروں گی تاکہ ہمارے ملک کو متاثر کرنے والے شدید زلزلے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کر سکوں۔دوسری جانب قومی مرکز برائے زلزلہ پیما تحقیق (این سی ایس) کے مطابق زلزلہ صرف 15 کلومیٹر کی کم گہرائی پر آیا، جس کی وجہ سے اس کے اثرات زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔
این سی ایس نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ یہ 25 جون 2026 کو ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق صبح 03:34:32 پر آیا۔ عرض البلد 10.451 شمال، طول البلد 68.352 مغرب، گہرائی 15 کلومیٹر اور مقام وینزویلا تھا۔کاراکاس میں واقع امریکی سفارت خانہ نے کہا ہے کہ وہ زلزلے کے بعد کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں سفارت خانے نے کہا کہ کاراکاس میں امریکی سفارت خانہ وینزویلا میں آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ وینزویلا میں موجود امریکی شہری اسٹیپ ویب سائٹ پر نظر رکھیں۔ متاثرہ علاقوں سے دور رہیں، تباہ شدہ عمارتوں میں داخل نہ ہوں، مقامی میڈیا سے تازہ معلومات حاصل کریں اور محفوظ پناہ گاہ میں رہیں۔امریکی کانگریس کی رکن ماریا ایلویرا سالازار نے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا کی ہے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ آج میری دعائیں وینزویلا کے عوام کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کو اپنی رحمت میں جگہ دے، مصیبت کا سامنا کرنے والوں کو طاقت عطا کرے اور جانیں بچانے کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام امدادی کارکنوں کی حفاظت فرمائے۔ وینزویلا نے بارہا اپنے عوام کی قوت کا ثبوت دیا ہے۔ ایمان اور اللہ کی مدد سے وہ اس کڑے امتحان پر بھی قابو پا لے گا۔
ایل سلواڈور کے صدر نایب بوکیلے نے کہا کہ ان مشکل حالات میں ہمارے دل وینزویلا کے عوام کے ساتھ ہیں۔ ہم اپنی مکمل یکجہتی اور دعائیں ان تک پہنچاتے ہیں۔ مضبوط رہو وینزویلا۔وینزویلا کے اپوزیشن رہنما ایڈمنڈو گونزالیز نے کہا کہ مسلسل آنے والے دو زلزلوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مسلسل آنے والے دو زلزلوں نے وینزویلا میں شدید تباہی مچائی ہے۔ عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، سڑکوں پر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دو گھنٹے گزرنے کے باوجود ہمیں اب تک یہ معلوم نہیں کہ کوئی زخمی یا ہلاک ہوا ہے یا نہیں۔نوبیل انعام یافتہ رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نے بھی وینزویلا کے عوام کی سلامتی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ میرا دل، میری بے پناہ محبت اور میری دعائیں ان تکلیف دہ گھڑیوں میں ہر وینزویلین خاندان کے ساتھ ہیں۔ اللہ کرے کہ اس مشکل وقت میں ہمارے درمیان طاقت، سکون اور یکجہتی قائم رہے۔ اللہ ہر وینزویلین، ہمارے خاندانوں اور ہمارے گھروں کی حفاظت فرمائے۔ آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ متحد ہیں۔