نئی دہلی
قومی دارالحکومت میں منگل کے روز مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور آندھی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہندوستان کا محکمہ موسمیات نے نئی دہلی، وسطی دہلی، جنوبی دہلی، جنوب مغربی دہلی، مغربی دہلی، شمال مغربی دہلی، مشرقی اور جنوب مشرقی دہلی کے اضلاع کے لیے “یلو الرٹ” جاری کیا ہے۔
محکمے کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔“یلو الرٹ” کا مطلب ہے موسم میں ممکنہ تبدیلی کے لیے محتاط رہنا اور بدلتے حالات سے آگاہ رہنا۔
دہلی کے مرکزی موسمیاتی مرکز صفدرجنگ میں کم سے کم درجہ حرارت 27.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 2.2 ڈگری زیادہ ہے۔لودھی روڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 26.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جو معمول سے 2.4 ڈگری زیادہ تھا، جبکہ ایانگر میں یہ 26.7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو معمول سے 1.8 ڈگری زیادہ تھا۔
ریج میں کم سے کم درجہ حرارت 25.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.5 ڈگری کم تھا، جبکہ پالام میں یہ 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو معمول سے 0.8 ڈگری کم تھا۔
قومی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
سی پی سی بی کے مطابق صبح نو بجے دہلی کا فضائی معیار اشاریہ 157 ریکارڈ کیا گیا جو “درمیانی” درجے میں آتا ہے۔محکمے کے مطابق 0 سے 50 کے درمیان فضائی معیار “اچھا”، 51 سے 100 “اطمینان بخش”، 101 سے 200 “درمیانہ”، 201 سے 300 “خراب”، 301 سے 400 “بہت خراب” اور 401 سے 500 “انتہائی خطرناک” سمجھا جاتا ہے۔