ویٹیکن سٹی
پوپ لیو چہاردہم نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی عارضی جنگ بندی کے اعلان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔بدھ کے روز سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ انہوں نے اس پیش رفت کو "اطمینان اور گہری امید کی علامت" کے طور پر قبول کیا ہے۔
کیتھولک چرچ کے سربراہ نے یہ بات اس کے کچھ ہی دیر بعد کہی جب انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس وارننگ پر سخت ناپسندیدگی ظاہر کی تھی، جس میں تہران کی جانب سے امریکی شرائط نہ ماننے کی صورت میں "ایک پوری تہذیب کو مٹا دینے" کی بات کی گئی تھی۔
منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ آج، جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، ایران کے پورے عوام کے خلاف یہ دھمکی دی گئی، اور یہ واقعی ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس معاملے میں بین الاقوامی قانون کے واضح پہلو موجود ہیں، لیکن اصل مسئلہ اس سے بڑھ کر ہے یہ صرف قانونی نہیں بلکہ عوام کی بھلائی کے لیے ایک اخلاقی سوال بھی ہے۔
پوپ کا یہ امید بھرا پیغام اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف "بمباری اور حملوں" کی مہم کو معطل کرتے ہوئے دو ہفتوں کی دو طرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا، اور کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کیا گیا دس نکاتی منصوبہ قابلِ عمل ہے۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقل معاہدے کے لیے مذاکرات کی بنیاد بنے گا، اور انہوں نے یہ بھی دہرایا کہ امریکہ اپنے زیادہ تر فوجی اہداف حاصل کر چکا ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ یہ فیصلہ پاکستان کی ثالثی کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت کی بنیاد پر، جنہوں نے مجھ سے درخواست کی کہ ایران کے خلاف بھیجی جانے والی تباہ کن کارروائی کو روکا جائے، میں نے ایران کے خلاف بمباری اور حملے دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ معطلی اس شرط سے مشروط ہے کہ آبنائے ہرمز کو مکمل، فوری اور محفوظ طریقے سے کھولا جائے، اور دونوں ممالک مشرقِ وسطیٰ میں طویل مدتی امن کے لیے ایک حتمی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
ایران نے بھی فوری طور پر اس امن پیشکش کو قبول کر لیا اور دو ہفتوں کے لیے فوجی کارروائیاں روکنے پر آمادگی ظاہر کی، ساتھ ہی آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کی ضمانت دی۔ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایک پیغام میں تصدیق کی کہ اگر ایران کے خلاف حملے روک دیے جائیں تو "ہماری طاقتور مسلح افواج اپنی دفاعی کارروائیاں بند کر دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کی جانب سے کیا گیا ہے، اور امریکہ نے ایران کے دس نکاتی منصوبے کے عمومی خاکے کو آئندہ مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کر لیا ہے۔
اس سفارتی پیش رفت نے باقاعدہ مذاکرات کی راہ ہموار کر دی ہے۔ ایرانی وفد، جس کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے، اور امریکی وفد، جس کی سربراہی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، کے درمیان مذاکرات اس جمعہ کو اسلام آباد میں ہونے والے ہیں۔