پریاگ راج: الٰہ آباد ہائی کورٹ نے بدھ کے روز مسلم پرسنل لا کے تحت کثرتِ ازدواج کے مبینہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ قرآن میں تعدد ازدواج کی مشروط اجازت کا مقصد انسانی ہمدردی پر مبنی تھا، مگر آج کے دور میں بعض مرد اس کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو اس کی اصل روح کے منافی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق، جسٹس ارون کمار سنگھ دیشوال نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران کہا کہ اسلام کے ابتدائی دور میں کثرتِ ازدواج کی اجازت جنگ کے بعد بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کی کفالت کے لیے دی گئی تھی۔ آج کل اس مشروط اجازت کی انسانی بنیادوں کو نظرانداز کر کے اسے ذاتی خواہشات کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔
قرآن میں کثرتِ ازدواج کی اجازت کے پیچھے ایک تاریخی پس منظر ہے۔ ابتدائی اسلامی معاشرے، خصوصاً مدینہ میں، جنگوں کے نتیجے میں بہت سی عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہو گئے تھے۔ ان کے تحفظ اور کفالت کے لیے قرآن نے مشروط طور پر ایک مرد کو چار شادیوں کی اجازت دی، بشرطیکہ وہ سب کے ساتھ برابری کا سلوک کر سکے۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے معروف مقدمات، سرلا مدگل اور لیلیٰ تھامس کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے یونیفارم سول کوڈ کی ضرورت پر زور دیا، جیسا کہ آرٹیکل 44 میں ذکر ہے۔ عدالت نے وضاحت کی کہ مسلمان مرد کی ایک سے زائد شادیوں کے قانونی اثرات کیا ہوں گے اور کن حالات میں بائی گیمی یعنی دو شادیوں کی سزا دی جا سکتی ہے: اگر ایک مسلمان مرد نے محمدن لاء کے تحت پہلی شادی کی ہو، تو اس کی دوسری، تیسری یا چوتھی شادی باطل نہیں ہوگی، اور اس پر دفعہ 494آئی پی سی (جو بائی گیمی سے متعلق ہے) لاگو نہیں ہوگی۔
البتہ، اگر فیملی کورٹ یا کوئی بااختیار عدالت کسی شادی کو باطل قرار دے دے، تو دفعہ 494 لاگو ہو سکتی ہے۔ اگر کوئی مرد پہلے اسپیشل میرج ایکٹ ، ہندو، عیسائی، پارسی یا غیر ملکی شادی ایکٹ کے تحت شادی کرے، اور پھر اسلام قبول کر کے دوسری شادی کرے، تو دوسری شادی باطل ہوگی، اور اس پر دفعہ 494 آئی پی سی لاگو ہوگی۔
عدالت نے واضح کیا کہ فیملی کورٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مسلمان شادی کی درستگی یا بطلان کا فیصلہ کرے، بشرطیکہ وہ مسلم پرسنل لا کے مطابق کی گئی ہو۔ عدالت نے قرآن کے اس حکم کو بھی دہرایا کہ کوئی مسلمان مرد اس وقت تک دوسری شادی نہیں کر سکتا جب تک وہ تمام بیویوں کے ساتھ مساوی سلوک کی استطاعت نہ رکھتا ہو، جیسا کہ سورۃ النساء کی آیت نمبر 3 میں وضاحت ہے کہ اگر تمہیں ڈر ہو کہ عدل نہ کر سکو گے، تو ایک ہی پر اکتفا کرو۔