نئی دہلی/ آواز دی وائس
قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کا قہر مسلسل جاری ہے۔ ہفتے کی صبح سات بجے دہلی کا اوسط فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) 365 ریکارڈ کیا گیا، جو ’بہت خراب‘ درجے میں ہے۔ مسلسل آٹھویں دن اے کیو آئی 300 سے اوپر بنا ہوا ہے اور فی الحال بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔
وہیں کئی علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز کرکے ’سنگین‘ زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ بگڑتی ہوئی ہوا کو دیکھتے ہوئے کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے 11 نومبر کو ہی پورے این سی آر علاقے میں گریپ -3 کے تحت پابندیاں نافذ کر دی تھیں، جن پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ سب سے خراب صورتحال ان علاقوں میں دیکھی جا رہی ہے
آنند وہار (422)، وزیرپور (427)، وِویک وہار (423)، بوانہ (419) اور جہانگیرپوری (417)۔
اس دوران موسم میں ٹھنڈک بڑھ گئی ہے۔ ہفتے کو کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27–28 ڈگری کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ دن بھر آسمان صاف رہے گا اور دھوپ کھلی رہے گی۔