سید علی گیلانی کی تدفین کے سلسلے میں پولس کا ویڈیو

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2021
سید علی گیلانی کی تدفین کے سلسلے میں پولس کا ویڈیو
سید علی گیلانی کی تدفین کے سلسلے میں پولس کا ویڈیو

 

 

سری نگر: سینئر علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی لاش کو دفن کرنے کے سلسلے میں پھیل رہی افواہوں کی تردیدمیں جموں و کشمیر پولیس نے ایک ویڈیو کلپ جاری کی ہے، جس میں دکھایاگیاہے کہ گیلانی کو دفن کے وقت تمام اسلامی رسومات کی پیروی کی گئیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ گیلانی کی لاش کو مناسب طریقے سے نہلایا گیا تھا اور سفید کفن میں لپیٹ کر قبر میں آیات قرآنیہ کی تلاوت کے درمیان دفن کیا گیا تھا۔

پولس نے ان افواہوں کی تردید کی ہے جو گردش کر رہی ہیں اور الزام لگایاگیا ہے کہ پولیس نے اہلخانہ سے لاش لینے کے بعد سینئر علیحدگی پسند رہنما کو اسلامی طریقے سے دفن نہیں کیا تھا۔

پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ علیحدگی پسند رہنما کے خاندان سے ایک درخواست کی گئی تھی کہ اگر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گیلانی کو صبح دفن کیا جائے تو یہ بہترہوگا۔ پولیس ذرائع نے آئی اے این ایس کو بتایا ، "گیلانی کے دونوں بیٹے ہماری درخواست پر راضی ہوگئے ، لیکن بعد میں پاکستان کے دباؤ میں ، خاندان کے افراد نے علیحدگی پسند رہنما کو دفن کرنے کی تیاری کرتے ہوئے نعرے لگانے اور ہنگامہ کرنے کی کوشش کی۔"

دریں اثنا ، پولیس نے گیلانی کے اہل خانہ کے خلاف لاش کو پاکستان کے جھنڈے میں لپیٹنے اور ملک مخالف نعرے لگانے کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ گیلانی گزشتہ بدھ کی رات تقریبا35 10.35 بجے انتقال کر گئے۔

ان کی موت کے بعد ، حکام نے وادی میں وسیع پیمانے پر پابندیاں لگائیں اور موبائل ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات معطل کر دیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پوری وادی میں حالات اب معمول پر آگئے ہیں اور سرکاری دفاتر ، بینکوں اور تعلیمی اداروں میں حاضری بھی معمول پر ہے۔