سنبھل / آواز دی وائس
سنبھل میں تشدد کے ایک سال مکمل ہونے پر پیر کے روز علاقے میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور پولیس نے فلیگ مارچ بھی کیا۔ پولیس نے بتایا کہ متنازع مذہبی مقام سے لے کر ہندوپورا کھیرہ اور انجمن تیراہے تک پورے سنبھل کو 19 سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔
سنبھل کے ڈی ایم راجندر پینسیا نے فلیگ مارچ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ اس مارچ کا مقصد عام لوگوں میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ ان کے ساتھ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ کی طرح آج بھی کل 19 مجسٹریٹ تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈی ایم نے یہ بھی بتایا کہ “سیف سٹی سنبھل” پروجیکٹ کے تحت گزشتہ ایک سال میں 163 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
ڈی ایم راجندر پینسیا کے مطابق مقامی پولیس فورس کے علاوہ آر اے ایف اور پی اے سی کی دو بٹالین کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع میں 2,000 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
چار افراد کی موت ہوئی تھی
گزشتہ سال 24 نومبر کو شاہی جامع مسجد کے دوسرے سروے کے بعد سنبھل میں تشدد بھڑک اٹھا تھا، جس میں چار افراد کی موت ہو گئی تھی جبکہ 29 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
ڈی ایم نے مزید بتایا کہ سیکورٹی کو مضبوط کرنے کے لیے 37 پولیس چوکیوں اور پانچ بارڈر آؤٹ پوسٹ قائم کیے گئے ہیں۔ سنبھل تشدد کے معاملے میں 12 مقدمے درج کیے گئے ہیں اور 133 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے۔