آسام: وزیر اعظم نے 4,570 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-03-2026
آسام: وزیر اعظم نے 4,570 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی  نقاب کشائی کی
آسام: وزیر اعظم نے 4,570 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کی

 



گوہاٹی
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز آسام کے ضلع کوکراجھار میں 4,570 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کا آن لائن افتتاح کیا۔ یہ اقدام ریاست میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے یہ منصوبے گوہاٹی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شروع کیے، کیونکہ شدید بارش کی وجہ سے ان کا کوکراجھار کا دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے تین نئی ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی، جن میں کاماکھیا-چارلاپلی امرت بھارت ایکسپریس، گوہاٹی-نیو جلپائی گوڑی ایکسپریس اور نارانگی-اگرتلہ ایکسپریس شامل ہیں۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم نے ضلع کے بشبری علاقے میں ریلوے کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانے اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پیریاڈک اوورہالنگ  ورکشاپ کے قیام کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔
مودی نے آسام مالا 3.0 منصوبے کے تحت بھی آن لائن بھومی پوجن میں حصہ لیا۔ اس بڑے سڑک انفراسٹرکچر منصوبے کے تحت 900 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، جس سے بین الریاستی رابطے میں بہتری آئے گی اور قومی شاہراہوں کو دیہی سڑکوں سے جوڑا جائے گا۔
انہوں نے بوڈولینڈ ٹیریٹوریل کونسل (بی ٹی سی) کے علاقے میں چار فلائی اوور اور دو پلوں کے لیے بھی بھومی پوجن کیا، جن پر تقریباً 1,100 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔حکام کے مطابق ان منصوبوں سے کوکراجھار ضلع میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور رابطہ کاری، سیاحت، زراعت تک رسائی، صحت کی سہولیات اور دیہی نقل و حرکت میں بہتری آئے گی۔
آسام میں اسمبلی انتخابات اپریل میں ہونے کی توقع ہے، جہاں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی مسلسل تیسری بار اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔