مغربی بنگال: مودی نے میں 18,680 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-03-2026
مغربی بنگال: مودی نے میں 18,680 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کی
مغربی بنگال: مودی نے میں 18,680 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کی

 



کولکتہ
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال میں تقریباً 18,680 کروڑ روپے کے رابطہ اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ یہ اعلانات ریاست میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم نے 231 کلو میٹر طویل چار لین خڑگپور–مورگرام اقتصادی راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے سے سفر کا فاصلہ تقریباً 120 کلو میٹر کم ہو جائے گا اور مسافروں کا 7 سے 8 گھنٹے تک کا وقت بچ سکے گا۔
حکام کے مطابق یہ سڑک خڑگپور اور سلی گڑی کے درمیان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے اور یہ پشم مدین پور، بنکورا، ہوگلی، پوربا بردھمان، بیر بھوم اور مرشدآباد اضلاع سے گزرے گی۔اس راہداری کے ذریعے کئی اہم قومی شاہراہوں کو آپس میں جوڑا جائے گا جن میں این ایچ-16، این ایچ-19، این ایچ-14 اور این ایچ-12 شامل ہیں۔ اس سے مختلف راہداریوں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔
وزیر اعظم نے 5.6 کلو میٹر طویل چار لین دبراج پور بائی پاس کی تعمیر اور کنگسابتی اور شیلبتی دریاؤں پر این ایچ-14 کے تحت اضافی چار لین بڑے پلوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اس کے علاوہ انہوں نے این ایچ-19 اور این ایچ-114 کے کچھ حصوں کا افتتاح کیا، جس سے سڑکوں کی حفاظت بہتر ہوگی، سفر کا وقت کم ہوگا، ٹریفک جام اور آلودگی میں کمی آئے گی، علاقائی رابطہ مضبوط ہوگا اور سیاحت و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم نے ہلدیا ڈاک کمپلیکس میں برتھ نمبر 2 کی میکانائزیشن کا افتتاح بھی کیا، جس سے سامان کی ترسیل زیادہ تیز، مؤثر اور ماحول دوست انداز میں ممکن ہو سکے گی۔ اس کے ساتھ ہی کھدیر پور ڈاکس (ڈاک 1 – ویسٹ) کی تجدید کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا۔
انہوں نے بندرگاہی بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں ہلدیا ڈاک کمپلیکس میں برتھ نمبر 5 کی میکانائزیشن اور کولکتہ میں باسکیول برج کی مرمت شامل ہے۔اس کے علاوہ شہر میں انڈینچر میموریل کے قریب دریائی کروز ٹرمینل اور دریائی سیاحت کی سہولت کے قیام کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔
وزیر اعظم نے پورولیا–آنند وہار ٹرمینل ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی اور امرت اسٹیشن اسکیم کے تحت ترقی یافتہ چھ ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح کیا۔ ان اسٹیشنوں میں کاماکھیاگڑی، انارا، تملوک، ہلدیا، بارابھوم اور سیوری شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے دو ریلوے منصوبے قوم کے نام وقف کیے، جن میں بیلدا اور دانتن کے درمیان 16 کلو میٹر طویل تیسری ریل لائن اور کالائیکندا اور کانیموہولی کے درمیان ساؤتھ ایسٹرن ریلوے زون میں خودکار بلاک سگنلنگ نظام شامل ہے۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات اپریل میں ہونے کی توقع ہے۔