آئی آئی ٹی کانووکیشن : 8 اگست کو خطاب کریں گے وزیر اعظم مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
آئی آئی ٹی  کانووکیشن : 8 اگست کو خطاب کریں گے وزیر اعظم مودی
آئی آئی ٹی کانووکیشن : 8 اگست کو خطاب کریں گے وزیر اعظم مودی

 



نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی 8 اگست کو صبح 11 بجے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی آئی آئی ٹی دہلی کی 57ویں کانووکیشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق تقریب کے دوران وہ 3000 سے زائد فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کریں گے۔ ان میں 587 پی ایچ ڈی اسکالرز بھی شامل ہیں جنہیں تقریب میں ڈگریاں دی جائیں گی۔

شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے وزیر اعظم ادارے کے باوقار اعزازات بھی پیش کریں گے۔ ان میں صدر کا گولڈ میڈل۔ ڈائریکٹر کا گولڈ میڈل۔ شنکر دیال شرما گولڈ میڈل اور پرفیکٹ ٹین گولڈ میڈلز شامل ہیں۔وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ جدید تحقیق اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ہندوستان کے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہوئے وزیر اعظم آئی آئی ٹی دہلی کے سونی پت کیمپس میں قائم مصنوعی ذہانت سے لیس اعلیٰ کارکردگی والے سپر کمپیوٹنگ مرکز ’’پرم پرگیہ‘‘ کا افتتاح بھی کریں گے۔

اس جدید ترین مرکز سے آئی آئی ٹی دہلی کی مصنوعی ذہانت۔ ڈیٹا سائنس۔ جدید کمپیوٹنگ اور بین شعبہ جاتی تحقیق کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے دن کے اوائل میں قومی ہتھ کرگھا دیوس کے موقع پر ہندوستان کی مالا مال ہتھ کرگھا وراثت کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے بنکروں اور دستکاروں کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ہتھ کرگھا شعبے کو دیہی بااختیار بنانے۔ خواتین کی قیادت میں ترقی اور خود کفیل ہندوستان کے لیے ایک اہم ستون قرار دیا۔

وزیر اعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں ان نسلوں کے دستکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ہندوستان کے روایتی دستکاری کے فن کو محفوظ رکھا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے اس شعبے کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے اپنی سرکاری ایکس پوسٹ میں کہا کہ آج قومی ہتھ کرگھا دیوس کے موقع پر ہم ہندوستان کی مالا مال اور متحرک ہتھ کرگھا وراثت کا جشن منا رہے ہیں۔ ہم اپنے بنکروں اور دستکاروں کی مہارت۔ تخلیقی صلاحیت اور لگن کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے نسل در نسل ہماری روایات کو محفوظ اور مزید مالا مال کیا ہے۔ ہماری حکومت ہتھ کرگھا شعبے کی حمایت جاری رکھے گی جو دیہی بااختیار بنانے۔ خواتین کی قیادت میں ترقی اور خود کفیل ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کا ایک اہم ستون ہے۔

وزیر اعظم مودی نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنی پسندیدہ ہتھ کرگھا مصنوعات اور ’’گیٹ ریڈی ود می‘‘ یعنی GRWM ویڈیوز ہیش ٹیگ #NationalHandloomDay کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے روایتی ٹیکسٹائل شعبے سے وابستہ لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اس شعبے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔