پی ایم سیٹو اسکیم ملک بھر میں نافذ ہوگی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2026
پی ایم سیٹو اسکیم ملک بھر میں نافذ ہوگی
پی ایم سیٹو اسکیم ملک بھر میں نافذ ہوگی

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت نے پی ایم-سیٹو (پردھان منتری اسکلنگ اینڈ ایمپلائبیلٹی ٹرانسفارمیشن تھرو اپ گریڈڈ آئی ٹی آئیز) اسکیم کو ملک بھر کے 200 آئی ٹی آئی کلسٹروں میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اڈیشہ، گجرات اور تلنگانہ میں صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی) کی اپ گریڈیشن کے لیے 1,237.58 کروڑ روپے کے اسٹریٹجک سرمایہ کاری منصوبوں (SIPs) کو بھی منظوری دی گئی ہے۔

وزارتِ ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کے مطابق یہ فیصلہ پی ایم-سیٹو کی قومی اسٹیئرنگ کمیٹی (این ایس سی) کے چوتھے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزارت کی سکریٹری دیباشری مکھرجی نے کی۔ اجلاس میں مختلف ریاستوں کے نمائندوں، صنعتی اداروں، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔

کمیٹی نے پی ایم-سیٹو کو آزمائشی مرحلے سے نکال کر ملک گیر پروگرام کی شکل دینے کی منظوری دی، جس کے تحت ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنی صنعتی تیاری اور عمل درآمد کی صلاحیت کے مطابق اس اسکیم کو نافذ کر سکیں گے۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک اہم فیصلہ ہے، جس کے تحت شناخت شدہ تمام 200 آئی ٹی آئی کلسٹروں میں پی ایم-سیٹو نافذ کیا جائے گا۔ قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے 1,237.58 کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک سرمایہ کاری منصوبوں کو بھی منظوری دی۔

ان منصوبوں میں اڈیشہ میں جندل نوین اوسر لمیٹڈ، گجرات میں آرسیلر متل نپون اسٹیل انڈیا اور تلنگانہ میں اپولو میڈ اسکلز سمیت دو دیگر شراکت داروں کو اینکر انڈسٹری پارٹنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ یہ منصوبے متعلقہ ریاستی اسٹیئرنگ کمیٹیوں کی سفارش پر منظور کیے گئے ہیں اور ان کے ذریعے ملک بھر کے متعدد آئی ٹی آئی کلسٹروں میں صنعت کی ضروریات کے مطابق جدید کاری اور اپ گریڈیشن کو فروغ دیا جائے گا۔ وزارت نے کہا کہ اجلاس کا نمایاں نتیجہ یہی تھا کہ بڑے صنعتی اداروں کی شراکت سے منظور کیے گئے یہ سرمایہ کاری منصوبے ملک بھر میں آئی ٹی آئی اداروں کی صنعت پر مبنی جدید کاری کی راہ ہموار کریں گے۔