دہرادون
وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کے روز اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ میجر جنرل بھوون چندر کھنڈوری (ریٹائرڈ) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔91 سالہ بزرگ رہنما اور سابق مرکزی وزیر طویل علالت کے بعد منگل کو دہرادون میں انتقال کر گئے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے فوجی خدمات سے عوامی زندگی تک کھنڈوری کے سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے پیغام میں کہا، "ہندوستانی فوج میں شاندار خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے عوامی خدمت کے میدان میں دیانت داری، سادگی، شفافیت اور ترقیاتی سیاست کی مثال قائم کی۔صدر مرمو نے مزید کہا، "ملک اور اتراکھنڈ کی ترقی، اچھی حکمرانی اور عوامی مفاد کے لیے ان کی وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور چاہنے والوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کھنڈوری نے مسلح افواج اور سیاسی میدان دونوں میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔مودی نے کہا کہ اتراکھنڈ کی ترقی کے لیے کھنڈوری کی غیر متزلزل وابستگی ان کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں نمایاں طور پر دکھائی دی۔وزیر اعظم نے مرکزی وزیر کے طور پر ان کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ کھنڈوری نے پورے ملک میں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ غم کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور حامیوں کے ساتھ ہیں۔ اوم شانتی!۔کھنڈوری کی بیٹی اور اتراکھنڈ اسمبلی کی اسپیکر ریتو کھنڈوری بھوشن نے بتایا کہ انہوں نے صبح تقریباً 11 بجے آخری سانس لی۔ وہ عمر سے متعلق بیماریوں میں مبتلا تھے اور حالیہ عرصے میں کئی بار اسپتال میں داخل رہے۔سیاست میں آنے سے قبل کھنڈوری ہندوستانی فوج میں میجر جنرل کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔ سابق وزیر اعلیٰ دو مرتبہ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ بھی رہے۔
کھنڈوری نے مرکزی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی کابینہ میں سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت سنبھالی۔