مودی نے یوم تاسیس پر چھتیس گڑھ، کیرالہ کو مبارکباد دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-11-2025
مودی نے یوم تاسیس پر چھتیس گڑھ، کیرالہ کو مبارکباد دی
مودی نے یوم تاسیس پر چھتیس گڑھ، کیرالہ کو مبارکباد دی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز چھتیس گڑھ اور کیرالا کے عوام کو ان کے ریاستی یومِ تاسیس کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے ان ریاستوں کی ترقی اور جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ نے بے مثال ترقی کی ہے۔ انہوں نے اس کا سہرا ریاست کے عوام کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن سے ریاست مزید ترقی کی منازل طے کرتی رہے گی۔
چھتیس گڑھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ریاست کے گزشتہ 25 برسوں کے دوران شاندار بدلاؤ کا ذکر کیا اور مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے عوام کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔انہوں نے لکھا کہ چھتیس گڑھ ریاست کے قیام کی 25ویں سالگرہ پر اپنے تمام بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد۔ یہ ریاست جو فطرت اور ثقافت کے لیے مشہور ہے، آج ترقی کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہے۔ یہاں کے وہ علاقے جو کبھی نکسلزم سے متاثر تھے، اب ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہاں کے محنتی اور ہنرمند عوام کی لگن اور صلاحیت سے ہماری ریاست ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسی طرح وزیر اعظم مودی نے کیرالا کے عوام کو بھی "کیرالا پیراوی" کے موقع پر مبارکباد پیش کی، جو کہ ریاست کے قیام کی یاد میں ہر سال یکم نومبر کو منایا جاتا ہے (1956ء میں کیرالا ریاست کا قیام عمل میں آیا تھا)۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کیرالا پیراوی کے موقع پر دلی نیک تمنائیں! یہ وہ ریاست ہے جس کے عوام نے دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کی تخلیقی صلاحیت اور اختراعی ذہانت نے انہیں ممتاز مقام دیا ہے۔ ریاست کے حسین مناظر اور صدیوں پرانی تہذیبی وراثت ہندوستان کی شاندار ثقافتی عظمت کی عکاسی کرتی ہے۔ میں دعاگو ہوں کہ کیرالا کے عوام ہمیشہ صحت، خوشحالی اور کامیابی سے سرشار رہیں۔
دوسری جانب، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ، کرناٹک، کیرالا، لکشدیپ، مدھیہ پردیش، پنجاب اور پدوچیری کے عوام کو ان کے یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔صدرِ جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ، کرناٹک، کیرالا، لکشدیپ، مدھیہ پردیش، پنجاب اور پدوچیری کے عوام کو ان کے یومِ تاسیس پر دلی مبارکباد! ان میں سے ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے نے ہندوستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ میری نیک تمنائیں ہیں کہ یہ ریاستیں اور علاقے اپنی ترقی کے سفر میں نئی بلندیوں کو چھوتے رہیں۔ میں تمام باشندوں کی خوشحالی اور فلاح کے لیے دعاگو ہوں۔