مودی کا امرناتھ یاتریوں کے نام خط

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-07-2026
مودی کا امرناتھ یاتریوں کے نام خط
مودی کا امرناتھ یاتریوں کے نام خط

 



نئی دہلی

 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز کے موقع پر یاترا پر روانہ ہونے والے عقیدت مندوں کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے اس مقدس یاترا کو "عظیم سعادت" قرار دیتے ہوئے زائرین سے عقیدت، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ یاترا انجام دینے کی اپیل کی۔

بھگوان شیو کے عقیدت مندوں کے نام اپنے ایک خط میں وزیر اعظم مودی نے کہا، "جموں و کشمیر میں واقع مقدس امرناتھ یاترا میں شرکت کرنا بذات خود ایک عظیم سعادت کی بات ہے۔ ہر سال بابا برفانی کے درشن کا یہ موقع لاکھوں شیو بھکتوں کے لیے نہایت مبارک اور ناقابل فراموش تجربہ ہوتا ہے۔ اس سال کی یاترا کے موقع پر میں آپ تمام شیو بھکتوں کو دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے امرناتھ یاترا کو ہندوستان کی روحانی روایت کا ایک ابدی باب قرار دیتے ہوئے کہا، "بابا امرناتھ کی برکتیں حاصل کرنے کے لیے کی جانے والی یہ یاترا ہندوستان کی روحانی سفری روایت کا ایک لازوال باب ہے۔ ہر سال دنیا بھر سے سناتن ثقافت کے پیروکار لاکھوں عقیدت مند اس یاترا میں شرکت کے لیے جموں و کشمیر پہنچتے ہیں۔ مختلف علاقوں، زبانوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے لوگ مہادیو کی برکتیں حاصل کرنے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اس یاترا کو مکمل کرتے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے یاترا کے انعقاد میں خدمات انجام دینے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا، جن میں ہندوستانی فوج، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف، این ڈی آر ایف، طبی عملہ، انتظامی افسران، صفائی کارکنان اور رضاکار شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان دو مہینوں کے دوران بابا برفانی کے مقدس دھام پر ہندوستان کے 'تنوع میں اتحاد' کی ایک شاندار جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔" انہوں نے یاترا کے پرامن اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے والی سکیورٹی فورسز اور دیگر تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم مودی نے اس سال کی امرناتھ یاترا کے دوران عقیدت مندوں سے پانچ "سَنکلپ" (عہد) اپنانے کی اپیل بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پہلا عہد: آئیے امرناتھ یاترا کے دوران صفائی کے تمام اصولوں کی پابندی کریں۔ دوسرا عہد: آئیے انتظامیہ کی تمام ہدایات، ٹریفک قوانین اور حفاظتی ضوابط پر مکمل ایمانداری کے ساتھ عمل کریں۔" انہوں نے زائرین سے پھسلن والے راستوں اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی بھی اپیل کی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عقیدت مند مقامی مصنوعات خرید کر مقامی معیشت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا، "'ووکل فار لوکل' کے جذبے کے تحت آئیے اپنے سفری اخراجات کا کم از کم 10 فیصد مقامی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کریں۔ اس سے جموں و کشمیر کے خاندانوں اور نوجوانوں کے روزگار کو تقویت ملے گی۔

وزیر اعظم نے عقیدت مندوں سے یہ بھی اپیل کی کہ یاترا کے اختتام، جو اس سال رکشا بندھن کے تہوار کے ساتھ ہوگا، کے موقع پر 'ایک پیڑ ماں کے نام' مہم کے تحت ایک پودا تحفے میں دیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیر اعظم مودی نے کہا، "'نیشن فرسٹ' کے جذبے کے ساتھ آئیے پورے سال اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھائیں اور 'وکست بھارت' کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔