نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی ہفتے کے روز "روزگار میلہ" کے 19ویں ایڈیشن کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ مختلف مرکزی وزارتوں، محکموں اور سرکاری شعبے کے اداروں میں منتخب ہونے والے نوجوانوں کو 51 ہزار سے زائد تقرری نامے تقسیم کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے وزیرِ اعظم کے عزم کے مطابق روزگار میلہ ایک اہم پہل ہے، جس کا مقصد روزگار فراہم کرنے کے وژن کو عملی شکل دینا ہے۔اس منصوبے کے آغاز سے اب تک ملک بھر میں منعقد ہونے والے 18 روزگار میلوں کے ذریعے تقریباً 12 لاکھ تقرری نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔19واں روزگار میلہ ملک کے 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔
ہندوستان کے مختلف حصوں سے منتخب کیے گئے امیدوار مرکزی حکومت کی متعدد وزارتوں اور محکموں میں خدمات انجام دیں گے۔ ان میں وزارتِ ریلوے، وزارتِ داخلہ، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، محکمہ مالیاتی خدمات، محکمہ اعلیٰ تعلیم اور دیگر وزارتیں شامل ہیں۔
روزگار میلوں کا بنیادی ہدف 18 سے 35 سال عمر کے نوجوان ہوتے ہیں۔ان میں مختلف تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدوار شامل ہوتے ہیں، جن میں آٹھویں، دسویں اور بارہویں جماعت پاس نوجوانوں کے علاوہ آئی ٹی آئی، ڈپلومہ اور گریجویشن کی ڈگری رکھنے والے امیدوار بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایسے تربیت یافتہ اور تصدیق شدہ امیدوار بھی اس میں شامل ہوتے ہیں جو نیشنل اسکل کوالیفیکیشن فریم ورک کے مقررہ معیارات پر پورا اترتے ہیں۔ملازمت کے خواہش مند امیدواروں کو روزگار میلہ کے بارے میں مختلف ذرائع سے معلومات فراہم کی جاتی ہیں اور انہیں اس میں شرکت کے لیے ترغیب دی جاتی ہے۔
ان ذرائع میں اخباری اشتہارات، بلک ایس ایم ایس، سوشل میڈیا مہمات اور ان اضلاع و قریبی علاقوں کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منعقد کی جانے والی ورکشاپس شامل ہیں، جہاں روزگار میلہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔