کسی سازشی کو نہیں بخشا جائے گا: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
کسی سازشی کو نہیں بخشا جائے گا: مودی
کسی سازشی کو نہیں بخشا جائے گا: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان کی دارالحکومت دہلی میں لال قلعہ کے قریب پیر کے روز ہونے والے خوفناک کار دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دہلی پولیس سمیت ملک کی کئی ایجنسیاں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور دھماکے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہیں۔ پولیس نے تفتیش کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اب ہندوستان کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھی بھوٹان کے دورے کے دوران اس واقعے پر ردِعمل دیا ہے۔ وزیرِاعظم مودی نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سازش میں ملوث کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم مودی نے کیا کہا؟
وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ دہلی میں پیش آیا یہ ہولناک واقعہ ہم سب کے دلوں کو دہلا دینے والا ہے۔ میں بھوٹان بہت بھاری دل کے ساتھ آیا ہوں۔ پوری رات میں نے اس واقعے کی تحقیقات سے جڑی ایجنسیوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ پورا ملک متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ میں اُن خاندانوں کا درد محسوس کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں۔ ایجنسیاں اس سازش کی تہہ تک پہنچیں گی، اور کسی بھی سازشی کو بخشا نہیں جائے گا۔
بھوٹان کی قیادت نے بھی دکھ کا اظہار کیا
بھوٹان کی قیادت نے بھی 10 نومبر کو دہلی میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اور متاثرہ افراد کے لیے خصوصی دعائیں کی ہیں۔ بھوٹان کے عظیم الشان بادشاہ نے تھمفو کے چانگلِمیتھنگ اسٹیڈیم میں ہزاروں بھوٹانی شہریوں کے ساتھ مل کر دہلی دھماکے کے متاثرین کے لیے اجتماعی دعا کی قیادت کی۔
ہلاکتوں کی تعداد 12 تک پہنچ گئی
لال قلعہ کے قریب کار میں ہونے والا دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ آس پاس موجود دیگر گاڑیاں اور راہ گیر بری طرح متاثر ہوئے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 12 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔
یاد رہے کہ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب آہستہ رفتار سے چلنے والی ایک کار میں یہ زوردار دھماکہ ہوا تھا، جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔