نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وکست ہندوستان کا خواب صرف حکومت کا منصوبہ نہیں بلکہ عوامی تحریک بننا چاہیے اور اس خواب کی مضبوط بنیاد ملک کے نوجوان ہوں۔وزیر اعظم نے بدھ کے روز اپنی رہائش گاہ 7 لوک کلیان مارگ پر دیہی ترقی۔ زراعت۔ سماجی بہبود اور متعلقہ شعبوں کے سکریٹریوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وکست ہندوستان کے اہداف کی سمت مختلف وزارتوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی کے قومی اہداف حاصل کرنے کے لیے پورے حکومتی نظام کو ایک مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی فلاح ہر اصلاح کا مرکز ہونی چاہیے اور عوام کی ضروریات کے مطابق کی جانے والی اصلاحات ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہیں۔نہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد صرف حکومتی نظام کو بہتر بنانا نہیں بلکہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکمرانی کے نظام میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مختلف وزارتیں اور محکمے مستقبل کی ضروریات کا جامع جائزہ لیں اور اپنے انتظامی طریقوں کو مزید مؤثر بنائیں۔نریندر مودی نے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی نظام قائم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مختلف وزارتوں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے پر بھی زور دیا تاکہ نوجوانوں سے متعلق تمام منصوبوں پر مشترکہ انداز میں عمل کیا جا سکے۔
انہوں نے کھیلوں کی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کھیلوں کی سیاحت تیزی سے اہمیت اختیار کر رہی ہے اور ہندوستان کو بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کا ہدف رکھنا چاہیے تاکہ ملک ایک عالمی اسپورٹس مرکز کے طور پر اپنی شناخت قائم کر سکے۔ انہوں نے کھیلوں کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم کُسُم اسکیم کو کسانوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر اپنانے سے زرعی شعبے میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر مہارتوں کی ضروریات کا جائزہ لینے کی بھی ضرورت بتائی تاکہ ہندوستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مستقبل کی عالمی ضروریات کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
اجلاس کے دوران مختلف وزارتوں کے سکریٹریوں نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق تجربات اور چیلنجوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے ان کی تجاویز سنیں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اپنی رہنمائی فراہم کی۔اجلاس میں کابینہ سکریٹری۔ مختلف اہم وزارتوں کے سکریٹریوں اور وزیر اعظم کے دفتر کے سینئر حکام نے شرکت کی۔