نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) وزیر اعظم نریندر مودی کے آئینی عہدے پر 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک ملک گیر خدمت مہم ’سیوا پکھواڑا‘ منعقد کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ’سیوا سنکلپ مہوتسو‘ کے نام سے مجوزہ اس 15 روزہ مہم کے دوران ملک بھر میں عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جن میں صفائی مہم، خون عطیہ کیمپ، شجرکاری پروگرام اور صحت کیمپ شامل ہوں گے۔
یہ مہم وزیر اعظم مودی کے عوامی عہدے پر 25 سال مکمل کرنے کے موقع سے منسلک ہوگی۔ 7 اکتوبر 2026 کو مودی کو آئینی عہدے پر 25 سال مکمل ہوں گے، کیونکہ انہوں نے 7 اکتوبر 2001 کو گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے کو اس مہم کی نگرانی کی ذمہ داری قومی کنوینر کی حیثیت سے سونپی گئی ہے۔
ہر ریاست میں سات ارکان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی، جس میں ایک وزیر، ایک تنظیمی جنرل سکریٹری اور پانچ سینئر رہنما شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم ریاست میں مہم سے متعلق پروگراموں کے درمیان تال میل قائم کرے گی۔ بی جے پی مودی کے 25 سالہ سیاسی سفر پر تصویری اور ڈیجیٹل نمائشیں بھی منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ان نمائشوں میں ان کی حکمرانی، ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیموں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس مہم کے تحت اچھی حکمرانی، ترقی اور ’انتودیہ‘ یعنی معاشرے کے سب سے محروم طبقات کی فلاح جیسے موضوعات پر سیمینار اور فکری نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔ نوجوانوں اور سماج کے دیگر طبقات کے ساتھ ملاقاتیں اور باہمی تبادلۂ خیال کے پروگرام بھی ہوں گے۔
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی فلاحی اسکیموں اور ان کے تحت دستیاب فوائد کے بارے میں عوام کو معلومات فراہم کرنے کے لیے خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ نریندر مودی نے 7 اکتوبر 2001 کو گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا تھا اور وہ ریاست کے 14ویں وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ انہوں نے تقریباً 13 سال تک گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں، جس کے بعد وہ قومی سیاست میں آگئے۔