وزیرِ اعظم مودی کا دورہ جاپان: خارجہ سیکریٹری وکرم مِسری کی بریفنگ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
وزیرِ اعظم مودی کا دورہ جاپان: خارجہ سیکریٹری وکرم مِسری کی بریفنگ
وزیرِ اعظم مودی کا دورہ جاپان: خارجہ سیکریٹری وکرم مِسری کی بریفنگ

 



نئی دہلی: وزیرِ اعظم نریندر مودی 28 اگست کی شام کو جاپان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ 29 اور 30 اگست کو جاپان میں قیام کریں گے جہاں وہ جاپان کے وزیرِ اعظم شیگرو ایشیبا کے ساتھ 15ویں ہندوستان-جاپان سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ کئی حوالوں سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

خارجہ سیکریٹری وکرم مِسری کے مطابق، یہ وزیرِ اعظم مودی کی وزیرِ اعظم ایشیبا کے ساتھ پہلی سالانہ دوطرفہ ملاقات ہوگی اور گزشتہ تقریباً سات برسوں میں ان کا جاپان کا پہلا واحد مقصدی دوطرفہ دورہ ہوگا۔ اس سے قبل مودی جاپان گئے تو وہ زیادہ تر کثیرالملکی اجلاسوں یا تقریبات میں شرکت کے لیے تھا، نہ کہ مکمل طور پر دو طرفہ ایجنڈے کے لیے۔

یہ وزیرِ اعظم مودی کا 2014 سے اب تک جاپان کا آٹھواں دورہ ہوگا، جو اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان اپنی خارجہ پالیسی میں جاپان کو کتنی اعلیٰ ترجیح دیتا ہے۔ وکرم مِسری نے مزید کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے سالانہ اجلاس کی ایک خاص بات یہ بھی ہوتی ہے کہ دونوں رہنما دارالحکومت ٹوکیو سے باہر بھی ملاقات کرتے ہیں۔

اس بار بھی پروگرام میں ایک ایسا دورہ شامل ہے، جو ٹوکیو کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر ہوگا، جس کا دونوں رہنما بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران وزیرِ اعظم مودی جاپانی سیاست دانوں سے مختلف ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ہندوستانی اور جاپانی صنعتکاروں کے ساتھ ایک بزنس لیڈرز فورم میں شرکت کریں گے، جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا بنانا ہے۔

خارجہ سیکریٹری کے مطابق، ہندوستان اور جاپان کے درمیان سالانہ سربراہی اجلاس اعلیٰ ترین سطح کا مکالماتی پلیٹ فارم ہے جو دونوں ممالک کے درمیان جاری "خصوصی تزویراتی و عالمی شراکت داری" (Special Strategic and Global Partnership) کی رہنمائی کرتا ہے۔

اگرچہ مودی اور ایشیبا کی ماضی میں بین الاقوامی اجلاسوں کے موقع پر ملاقاتیں ہو چکی ہیں، لیکن یہ اجلاس انہیں دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لینے، پچھلے کچھ برسوں میں ہونے والی پیش رفت کا تجزیہ کرنے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کرنے کا نادر موقع فراہم کرے گا۔ وکرم مِسری نے کہا کہ:ہندوستان اور جاپان ایسے ممالک ہیں جو مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور ہم آہنگ تزویراتی نظریہ رکھتے ہیں۔

یہ ایشیا کی دو بڑی جمہوریتیں اور دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں شامل ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں دونوں ممالک کے تعلقات میں نہ صرف وسعت آئی ہے بلکہ ان کے عزائم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آج دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں شامل ہیں: تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی ، سائنس و ٹیکنالوجی ، انفراسٹرکچر اور نقل و حرکت ، عوامی روابط اور ثقافتی تبادلہ۔ سالانہ اجلاس دونوں وزرائے اعظم کے لیے نئے منصوبوں کے آغاز، ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ربط کو مضبوط بنانے کا موقع بھی ہوگا۔