نئی دہلی:لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی حکمرانی اپنے ’’آخری مرحلے‘‘ میں پہنچ چکی ہے اور ان کے جانشین کی تلاش بھی شروع ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے کہا کہ مودی کا سیاسی خاتمہ ہوچکا ہے اور ان کا وقت ختم ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے مودی حکومت کو مکمل طور پر دفاعی پوزیشن میں قرار دیتے ہوئے کانگریس رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے خلاف زیادہ جارحانہ انداز اختیار کریں۔یہ بات دہلی میں کانگریس کے مرکزی دفتر اندرا بھون میں منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہی گئی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم مسائل پر کانگریس کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ برسوں میں 94 ہزار اسکول بند ہوگئے ہیں اور نوجوانوں کے لیے تعلیم سے روزگار تک ایک واضح اور جامع وقت مقرر منصوبہ تیار کرنے کا مطالبہ کیا۔
کھڑگے نے رام مندر ٹرسٹ کو موصول ہونے والے عطیات میں رقم اور سونے سمیت دیگر عطیات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ عطیات کا حساب کیسے رکھا جا رہا ہے اور انہیں کس طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مالی بے ضابطگی کے کسی بھی معاملے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملکارجن کھڑگے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی۔ راہل گاندھی اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔
کھڑگے نے کہا کہ پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس کے اختتام کے بعد کانگریس ورکنگ کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں نوجوانوں کے مستقبل۔ رام مندر ٹرسٹ کے عطیات میں جواب دہی اور ہندوستانی سرحدوں پر چینی دراندازی سے متعلق رپورٹس سمیت ملک کو درپیش اہم مسائل پر غور کیا جائے گا۔نوجوانوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کھڑگے نے الزام لگایا کہ حکومتی پالیسیوں نے نوجوانوں کو گہری مایوسی کے دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ ان کے مطابق فرقہ وارانہ کشیدگی اور ریوڑی کلچر کی دوڑ کے درمیان تعلیم اور روزگار کو نظرانداز کیا گیا ہے۔