نیو دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے جنرل زیڈ اور نوجوانوں سے خطاب کیا۔ رات تقریباً 11 بجے انسٹاگرام پر لائیو آکر انہوں نے جنتر منتر پر احتجاج کے دوران اپنے خلاف استعمال کی گئی مبینہ نازیبا زبان کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ان نوجوانوں کو معاف کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، ’’دوستو، آج میرا دل چاہا کہ صرف آپ سے بات کروں۔ جنتر منتر پر جو کچھ ہوا، اسے ملک اور دنیا نے دیکھا۔ کچھ شرارتی بچوں نے ایسی نازیبا اور فحش زبان استعمال کی جو ایک مہذب معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں۔ مجھے گالیاں دی گئیں اور میری آنجہانی ماں کو بھی برا بھلا کہا گیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بچپن اور نوجوانی میں انسان سے غلطیاں ہو سکتی ہیں، لیکن ہر غلطی کو سدھارنے کا موقع ملنا چاہیے۔ مودی نے کہا، ’’میں معاشرے کے غصے کو پوری طرح سمجھتا ہوں۔ یہ ایک ثقافتی صدمہ ہے کہ ہماری بیٹیاں ایسی زبان کیسے استعمال کر سکتی ہیں؟ لیکن یہ وقت ان بچوں کو گلے لگانے اور انہیں صحیح راستہ دکھانے کا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایسے نوجوانوں کو سزا دینے، عدالتوں کے چکر لگوانے یا معاشرے میں انہیں ہراساں کرنے سے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ’’میں ان بچوں کو معاف کرنا چاہتا ہوں اور معاشرے کو بھی اسے قبول کرنا چاہیے۔ یہ بچے ہمارے بھی ہیں اور انہیں صحیح راستہ دکھانا ہمارا فرض ہے۔‘‘
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں، نئے ہنر حاصل کریں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے آگے بڑھیں۔ مودی نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور نوجوانوں کی محنت ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد بنے گی۔
وزیر اعظم کے اس ویڈیو پیغام کو 23 جولائی 2026 کو دہلی کے جنتر منتر پر NEET پیپر لیک کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران مبینہ بدسلوکی کے واقعے سے جوڑا جا رہا ہے۔ احتجاج کے دوران ایک نوجوان خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں مبینہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نازیبا تبصرے کیے گئے تھے۔
اس معاملے میں نوئیڈا میں 25 سالہ روچیکا سنگھ کے خلاف زیرو ایف آئی آر درج کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ خاتون کی جانب سے استعمال کی گئی زبان وزیر اعظم کے آئینی عہدے کی توہین کے مترادف ہے اور اس سے دشمنی پھیلنے اور عوامی امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس معاملے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی تھی۔