مودی نے بھوپین ہزاریکا کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-09-2025
مودی نے بھوپین ہزاریکا کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کیا
مودی نے بھوپین ہزاریکا کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بھوپین ہزاریکا، جنہیں "برڈ آف برہم پُترا" اور "سدھاکنٹھ" (بلبل) کے نام سے جانا جاتا ہے، آسام کی ثقافتی دنیا کے بڑے علمبرداروں میں سے ایک تھے۔ 8 ستمبر 1926 کو آسام کے ضلع تینسوکیا میں پیدا ہوئے، انہوں نے بطور موسیقار، گلوکار، کمپوزر اور شاعر ایک ناقابلِ فراموش نشان قائم کیا۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس عظیم گلوکار کو یاد کرتے ہوئے اپنے بلاگ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے لکھا کہ آج 8 ستمبر، ان سب کے لیے ایک خاص دن ہے جو ہندوستانی ثقافت اور موسیقی سے محبت کرتے ہیں۔ یہ دن میرے آسام کے بھائیوں اور بہنوں کے لیے اور بھی خاص ہے۔ آخر کار یہ ڈاکٹر بھوپن ہزاریکا کی سالگرہ ہے، جو ہندوستان کی سب سے غیر معمولی آوازوں میں سے ایک رہے ہیں۔ آپ سب جانتے ہیں کہ اس سال ان کی صد سالہ تقریبات کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ موقع ہے کہ ہم ان کی فنکارانہ خدمات اور عوامی شعور میں ان کی شاندار شراکت کو یاد کریں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کی خدمات صرف موسیقی تک محدود نہیں تھیں۔
جو بھوپن دا نے ہمیں دیا، وہ موسیقی سے کہیں آگے تھا۔ ان کے کاموں نے ایسی جذبات کو جنم دیا جو دُھن سے بڑھ کر تھے۔ وہ صرف آواز نہیں بلکہ عوام کی دھڑکن تھے۔ کئی نسلیں ان کے گانوں کو سن کر بڑی ہوئیں، جن کے ہر لفظ میں مہربانی، سماجی انصاف، اتحاد اور گہرے تعلق کا پیغام جھلکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسام سے ایک ایسی آواز ابھری جو ایک لازوال دریا کی مانند بہتی رہی، سرحدوں اور ثقافتوں کو پار کرتی ہوئی انسانیت کی روح کو اپنے ساتھ لیے۔ بھوپن دا دنیا بھر گئے، ہر طبقے کے لوگوں سے ملے، لیکن اپنی جڑوں سے جُڑے رہے۔ آسام کی زبانی روایات، لوک دھنیں اور کہانی سنانے کے طور طریقے ان کے بچپن کو گہرائی سے متاثر کرتے رہے۔ یہی تجربات ان کے فنکارانہ سفر کی بنیاد بنے۔ وہ ہمیشہ آسام کی مقامی پہچان اور عوامی اقدار کو اپنے ساتھ لیے رہے۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ ایک ہندوستان، شریشٹھ ہندوستان‘ کی روح کو بھوپن ہزاریکا کی زندگی میں بھرپور اظہار ملا۔ ان کے کاموں نے لسانی اور علاقائی سرحدوں کو پار کرتے ہوئے پورے ملک کے لوگوں کو جوڑا۔ انہوں نے آسام کو پورے ہندوستان کے سامنے نمایاں کیا۔ یہ کہنا مبالغہ نہیں ہوگا کہ انہوں نے جدید آسام کی ثقافتی پہچان تراشی، چاہے وہ ریاست کے اندر ہوں یا دنیا بھر میں رہنے والے آسام کے لوگ۔
وزیرِ اعظم نے یاد دلایا کہ اگرچہ وہ بنیادی طور پر سیاسی شخصیت نہیں تھے، لیکن عوامی خدمت سے ہمیشہ جُڑے رہے۔ 1967 میں وہ آزاد امیدوار کے طور پر آسام کی نوبوئیچا اسمبلی نشست سے ایم ایل اے منتخب ہوئے، جس نے یہ ثابت کیا کہ عوام ان پر کس قدر بھروسہ کرتے تھے۔ وہ پیشہ ور سیاست دان نہیں بنے، لیکن دوسروں کی خدمت کا ان کا جذبہ بہت اثرانداز ہوا۔
وزیرِ اعظم نے لکھا کہ مجھے یاد ہے جب بھوپن دا 2011 میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ ٹی وی پر دیکھا کہ لاکھوں لوگ ان کے جنازے میں شامل تھے۔ ہر آنکھ نم تھی۔ اپنی عظیم زندگی کی طرح اپنے وصال میں بھی وہ لوگوں کو ایک ساتھ لے آئے۔ یہ بالکل موزوں تھا کہ انہیں جالُکباری کی پہاڑی پر برہم پُترا کے کنارے سپردِ خاک کیا گیا، وہی دریا جو ان کی موسیقی، تشبیہوں اور یادوں کی جان تھا۔ خوشی کی بات ہے کہ آسام حکومت بھوپن ہزاریکا کلچرل ٹرسٹ کی حمایت کر رہی ہے، جو نوجوانوں کے درمیان ان کی زندگی اور سفر کو عام کرنے پر کام کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھوپن ہزاریکا کی زندگی ہمیں ہمدردی، لوگوں کو سننے اور اپنی جڑوں سے جُڑے رہنے کی طاقت سکھاتی ہے۔ ان کے گانے آج بھی بچے اور بڑے سبھی گاتے ہیں۔ ان کی موسیقی ہمیں رحم دل اور بہادر بننے کا درس دیتی ہے۔ وہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ہم اپنے دریاؤں، مزدوروں، چائے کے باغات کے کارکنوں، ناری شکتی اور یُووا شکتی کو نہ بھولیں۔ ان کے گانے ہمیں ’تنوع میں اتحاد‘ پر یقین رکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
وزیرِ اعظم مودی نے ایکس پر لکھا کہ بھوپن ہزاریکا جی کو ان کی سالگرہ پر یاد کرتے ہوئے۔ جیسے ہی ہم ان کی صد سالہ تقریبات کا آغاز کرتے ہیں، میں نے ان کی زندگی اور موسیقی پر کچھ خیالات قلمبند کیے ہیں، جو لاکھوں لوگوں کو متاثر کر چکی ہے۔
صد سالہ تقریبات کا آغاز
بھارت رتن ڈاکٹر بھوپن ہزاریکا کی پیدائش کے صد سالہ جشن کا آغاز 8 ستمبر سے ہوگا، جس کا افتتاحی پروگرام ڈاکٹر بھوپن ہزاریکا سمنوئے تیرتھ، جالُکباری میں ہوگا۔ اس تقریب میں آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ، وزیرِ اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما اور وزیرِ ثقافتی امور بمل بورا شرکت کریں گے۔
گزشتہ ہفتے وزیرِ اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے گوہاٹی کے لوک سیوا بھون میں صد سالہ جشن کی تیاریوں کے لیے کور کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے تمام حکام کو ہدایت دی کہ تقریبات کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں۔ میٹنگ کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے مختلف اقدامات اور پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا، جو موسیقی کے اس عظیم فنکار کی زندگی، کام اور ورثے کو خراجِ عقیدت دینے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تقریبات میں ڈاکٹر ہزاریکا کی ہندوستانی موسیقی، ثقافت اور سماج میں دی گئی شاندار خدمات کی بھرپور جھلک ہونی چاہیے۔
میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ آسام سمیت اروناچل پردیش، کولکاتہ، نئی دہلی اور ممبئی میں ثقافتی پروگرام، اشاعتیں اور عوامی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
خاص طور پر نوجوانوں، فنکاروں اور ثقافتی اداروں کو شامل کرکے ڈاکٹر ہزاریکا کے لازوال پیغام، یعنی اتحاد، امن اور ہم آہنگی کو زیادہ سے زیادہ پھیلانے پر زور دیا گیا۔