وزیر اعظم مودی اور قطر کے امیر کا ٹیلی فونک رابط

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
وزیر اعظم مودی اور قطر کے امیر کا ٹیلی فونک رابط
وزیر اعظم مودی اور قطر کے امیر کا ٹیلی فونک رابط

 



نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے قطر کے مرحوم فادر امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قطر اور ہندوستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمعرات کو ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے قطر کے فادر امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیر قطر سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم مودی نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو جدید قطر کا معمار قرار دیتے ہوئے ان کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے برسوں کے دوران قطر اور ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور وہ ہندوستان اور قطر میں مقیم ہندوستانی برادری سے گہری محبت رکھتے تھے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیر اعظم مودی کی تعزیتی کال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس مشکل وقت میں اظہار ہمدردی پر اپنی قدردانی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم مودی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے امیر قطر سے گفتگو کے دوران فادر امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی ہندوستان سے گہری وابستگی۔ قطر میں مقیم ہندوستانی برادری کے لیے ان کی محبت اور قطر۔ہندوستان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی ثابت قدم وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کا دیرپا ورثہ دونوں ممالک کو اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم بنانے کی راہ دکھاتا رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ فادر امیر کے ورثے کو آگے بڑھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دیں گے اور آئندہ بھی باہمی رابطے میں رہیں گے۔یہ گفتگو ایسے وقت ہوئی ہے جب مرحوم رہنما کے احترام میں حکومت ہند نے 13 جولائی کو یوم سوگ منایا تھا۔

اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو ایک دور اندیش رہنما اور ہندوستان کا حقیقی دوست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے قطر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ فروری 2024 میں دوحہ کے دورے کے دوران انہیں مرحوم سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

قطر کے سابق امیر اور موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

شیخ حمد نے 1995 سے 2013 تک قطر پر حکومت کی۔ ان کے دور میں توانائی سے مالا مال اس خلیجی ملک نے غیر معمولی معاشی۔ سماجی اور ثقافتی ترقی کی اور عالمی برادری میں اپنی نمایاں حیثیت قائم کی۔ ان کے دور حکومت میں 2004 میں قطر کا پہلا مستقل آئین نافذ کیا گیا جبکہ بلدیاتی انتخابات بھی متعارف کرائے گئے جن میں خواتین کو ووٹ ڈالنے اور انتخاب لڑنے کا حق دیا گیا۔