نئی دہلی::پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ ولادیسواف تیوفیل بارتوشیوسکی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی عالمی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن وزیر اعظم مودی کی بات کو اہمیت دیتے ہیں اور اس پر توجہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2022 کے آخر میں روس کو یوکرین میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے روکنے میں بھی وزیر اعظم مودی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
پریس بریفنگ کے دوران بارتوشیوسکی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک نہایت باوقار اور عالمی سطح پر معروف رہنما ہیں۔ ہندوستان کے روس اور اس سے پہلے سوویت یونین کے ساتھ طویل عرصے سے تعلقات رہے ہیں کیونکہ ہندوستان نے غیر جانبدار خارجہ پالیسی اختیار کی تھی۔ اسی وجہ سے صدر پوٹن وزیر اعظم مودی کی بات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ان چند عالمی رہنماؤں میں شامل ہیں جو صدر پوٹن پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ہندوستان چاہے تو اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مغربی ایشیا کی صورتحال پر ہندوستان کے مؤقف کے بارے میں پوچھے جانے پر پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کا مؤقف درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑا اور اہم ملک ہے جو آزاد تجارتی راستوں سے فائدہ اٹھاتا ہے اور خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی فراہمی پر کافی حد تک انحصار کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولینڈ بھی ایران کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے اور تہران کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ موجودہ بحران کا بہترین حل سفارتی مذاکرات ہیں۔ ان کے مطابق پولینڈ بھی اسی طرح کا راستہ اختیار کر رہا ہے جیسا وزیر اعظم مودی نے اپنایا ہے اور تمام فریقوں کو تحمل اور بات چیت کی راہ اختیار کرنے کی تلقین کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ فروری 2022 میں شروع ہوئی تھی۔
گزشتہ ماہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے بھی ہندوستان کو ایک عظیم ملک قرار دیتے ہوئے اس کی آزاد خارجہ پالیسی کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے روس کے ساتھ تعاون کے معاملے پر ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں کو بین الاقوامی اور دو طرفہ تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔
سینٹ پیٹرزبرگ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا تھا کہ روس کو خوشی ہے کہ ہندوستان تمام ممالک کے ساتھ اپنے مفادات کے مطابق تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہے اور اس کی تیز رفتار اقتصادی ترقی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔
صدر پوٹن نے یہ بھی کہا کہ نئی دہلی اور ماسکو کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری موجود ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہے۔