مودی نے برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-11-2025
مودی نے برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا
مودی نے برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز قبائلی مجاہدِ آزادی اور نوآبادیاتی طاقتوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے عظیم قبائلی رہنما برسا منڈا کو ان کی 150ویں پیدائش سالگرہ پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے اس قبائلی رہنما کو ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی بے مثال خدمات کے لیے یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ برسا منڈا کی جدوجہد اور غیر ملکی حکومت کے ظلم کے خلاف ان کی قربانیاں ملک کی ہر آنے والی نسل کو ہمیشہ تحریک دیتی رہیں گی۔ انہوں نے جھارکھنڈ اسٹیٹ ہُڈ ڈے کی مناسبت سے بھی مبارک باد پیش کی، جو برسا منڈا کی پیدائش سالگرہ کے دن ہی منایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے جھارکھنڈ کو قبائلی ثقافت سے مالامال سرزمین قرار دیتے ہوئے ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا کہ قومی قبائلی فخر کے دن کے اس مقدس موقع پر پورا ملک مادرِ وطن کی عزت و وقار کی حفاظت کے لیے عظیم مجاہدِ آزادی بھگوان برسا منڈا جی کی بے مثال خدمات کو عقیدت سے یاد کر رہا ہے۔ غیر ملکی حکومت کے ظلم کے خلاف ان کی جدوجہد اور قربانی آنے والی ہر نسل کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ ملک کے اس عظیم سپوت بھگوان برسا منڈا جی کو ان کی 150ویں پیدائش سالگرہ پر سو بار سلام۔
انہوں نے مزید لکھا کہ قبائلی ثقافت سے مالامال شاندار ریاست جھارکھنڈ کے تمام باشندوں کو ریاست کے یومِ تاسیس کی دل سے مبارکباد۔ بھگوان برسا منڈا کی اس دھرتی کی تاریخ بہادری، جدوجہد اور خودداری کے واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ آج کے اس خاص موقع پر میں ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
جھارکھنڈ کو 15 نومبر 2000 کو بہار سے الگ کر کے تشکیل دیا گیا تھا، اور یہ دن قبائلی رہنما برسا منڈا کی سالگرہ بھی ہے۔ برسا منڈا، جو منڈا قبیلے سے تعلق رکھتے تھے، 15 نومبر 1875 کو پیدا ہوئے۔ انیسویں صدی کے آخر میں برطانوی دور حکومت کے دوران انہوں نے موجودہ بہار اور جھارکھنڈ کے قبائلی علاقوں میں ایک بڑی قبائلی مذہبی تحریک کی قیادت کی۔
ان کی پیدائش سالگرہ پورے ملک میں برسا منڈا جینتی کے طور پر منائی جاتی ہے اور اسی دن جھارکھنڈ فاؤنڈیشن ڈے بھی منایا جاتا ہے۔ 15 نومبر کو مرکزی حکومت دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی 150ویں پیدائش سالگرہ کے موقع پر گجرات کے ضلع نرمدا میں جن جاتیہ گورَو دیوس کی قومی سطح پر تقریب منعقد کرے گی، جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔