مودی نے نہرو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-05-2026
مودی نے نہرو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا
مودی نے نہرو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا

 



نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 62ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
نہرو کی 62ویں برسی کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی انہیں یاد کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس سے قبل کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے قومی دارالحکومت میں واقع شانتی ون میں نہرو کی یادگار پر پھول چڑھائے۔
اس موقع پر کانگریس کے سینئر رہنما کے سی وینوگوپال اور بی کے ہری پرساد بھی موجود تھے۔کانگریس نے بھی ایکس پر جاری اپنے پیغام میں نہرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم اور 'بھارت رتن' پنڈت جواہر لال نہرو جی کی برسی پر انہیں احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت۔ آج پورا ملک جدید ہندوستان کے معمار کو یاد کر رہا ہے۔
این سی پی (شرد پوار گروپ) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے بھی نہرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی ترقی کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ آج آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی برسی ہے، جنہوں نے ملک کی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی۔ اس موقع پر میں ان کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔
کرناٹک میں وزیر اعلیٰ سدارامیا بھی بنگلورو میں نہرو کی برسی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔ان پروگراموں میں کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں یادگاری تقریب اور ودھان سودھا کے سامنے خراجِ عقیدت کی ایک اور تقریب شامل ہے۔
جواہر لال نہرو ہندوستان کی آزادی کی تحریک کی ایک نمایاں شخصیت تھے۔ 1947 میں آزادی کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیر اعظم بنے اور 16 سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے۔27 مئی 1964 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کا انتقال ہو گیا تھا۔
جدید ہندوستان کی تشکیل میں ان کی خدمات اور غیر وابستہ تحریک (نان الائنڈ موومنٹ ) کے فروغ میں ان کے کردار کو خاص طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ نہرو کو محبت سے "چاچا نہرو" بھی کہا جاتا ہے اور ان کی سالگرہ 14 نومبر کو ہر سال یومِ اطفال کے طور پر منائی جاتی ہے۔