نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے قریبی ساتھی اور میرٹائم بورڈ کے چیئرمین نکولائی پاتروشیف سے ملاقات کی۔ دونوں نے ہندوستان اور روس کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی اور دسمبر کے شروع میں ہونے والے سالانہ بھارت۔روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
بھارت میں روسی سفارتخانے نے ’ایکس‘ پر بتایا کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے کئی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، خاص طور پر سمندری شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ پاتروشیف نے کہا کہ دونوں ملک اپنی بحری صلاحیتوں کو بڑھانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اس سے ایک دن پہلے، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ دونوں نے 23ویں سالانہ بھارت۔روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر بات کی، جس میں صدر پوتن کی بھارت آمد بھی شامل ہے۔
جے شنکر نے بتایا کہ بات چیت میں تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط جیسے موضوعات بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت۔روس تعلقات برسوں سے عالمی سیاست میں استحکام کا ذریعہ رہے ہیں اور ان کا بڑھنا دونوں ملکوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں کئی معاہدے اور منصوبے زیرِ غور ہیں، اور امید ہے کہ جلد ہی انہیں حتمی شکل دی جائے گی، جس سے دونوں ملکوں کی ’’خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری‘‘ مزید مضبوط ہوگی۔