نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی اور صحت۔ زراعت۔ دیہی ترقی۔ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت مختلف شعبوں میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ ہندوستان کی وسیع شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے ان کے والد مرحوم آغا خان چہارم کو یاد کرتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیوں میں ان کی دیرپا خدمات کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ صحت۔ زراعت۔ دیہی ترقی۔ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر گفتگو ہوئی۔
پرنس رحیم آغا خان پنجم شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 50 ویں موروثی امام اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے چیئرمین ہیں۔ وہ بدھ کو نئی دہلی پہنچے۔ 50 ویں امام کا منصب سنبھالنے کے بعد ہندوستان کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔اس سے قبل پرنس رحیم نے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی ملاقات کی تھی۔
وزارت خارجہ کے مطابق ان کا ایک ہفتے کا دورہ ہندوستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان اہم شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ خاص طور پر سماجی ترقی اور ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ملاقاتوں کے دوران مختلف کمیونٹی اقدامات اور وسیع تر ترقیاتی پروگراموں میں مشترکہ کوششوں کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
15 ستمبر تک جاری رہنے والے پرنس رحیم کے دورے میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات اور وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ بات چیت بھی شامل ہے۔ نئی دہلی کے علاوہ وہ احمد آباد۔ ممبئی اور حیدرآباد کا بھی دورہ کریں گے جہاں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے زیر انتظام مختلف کمیونٹی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ پرنس رحیم کا 50 ویں اسماعیلی امام کی حیثیت سنبھالنے کے بعد ہندوستان کا پہلا دورہ ہے۔پرنس رحیم نے اپنے والد پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال کے بعد فروری 2025 میں اسماعیلی برادری کے 50 ویں امام کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ یہ تقرری شیعہ امامی اسماعیلی روایت کے موروثی جانشینی کے اصولوں کے تحت ہوئی۔
اسماعیلی برادری کی 14 صدیوں پر محیط تاریخ میں دنیا بھر کے اسماعیلی مسلمانوں نے ایک زندہ اور موروثی روحانی پیشوا کی قیادت پر مسلسل اپنی وابستگی برقرار رکھی ہے۔ عالمی اسماعیلی آبادی تقریباً 12 سے 15 ملین بتائی جاتی ہے جو 35 سے زیادہ ممالک میں آباد ہے۔روحانی ذمہ داریوں کے علاوہ پرنس رحیم آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے متعدد اداروں کے بورڈ میں بھی شامل ہیں۔ وہ اسماعیلی برادری کے سماجی اداروں اور انسٹی ٹیوٹ آف اسماعیلی اسٹڈیز کے نگرانی کے نظام میں بھی فعال کردار ادا کرتے ہیں۔
پرنس رحیم کا یہ سفارتی دورہ ہندوستانی حکومت اور آغا خان فاؤنڈیشن کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔