وزیر اعظم کے ممکنہ دورے کے پیش نظر اتراکھنڈ کے محکمہ منصوبہ بندی نے تمام سرکاری محکموں سے کہا ہے کہ وہ 20 کروڑ سے 100 کروڑ روپے لاگت والے اپنے منصوبوں کی تفصیلات فراہم کریں۔
پرنسپل سکریٹری منصوبہ بندی آر میناکشی سندرم نے تمام پرنسپل سکریٹریوں اور سکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے تحت آنے والی اسکیموں کی مکمل معلومات جلد از جلد جمع کرائیں۔
توقع ہے کہ وزیر اعظم اپنے مجوزہ دورے کے دوران ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جو منظور ہو چکے ہیں۔ زیر عمل ہیں یا مکمل کیے جا چکے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آخری بار 14 اپریل کو دہرادون کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے دہلی۔ دہرادون ایکسپریس وے کا افتتاح کیا تھا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نریندر مودی اب تک 28 مرتبہ اتراکھنڈ کا دورہ کر چکے ہیں۔
ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز پر یاتریوں کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اس مقدس یاترا کو ایک عظیم سعادت قرار دیا۔ انہوں نے عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ اس مذہبی سفر کو عقیدت۔ نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ مکمل کریں۔
بھگوان شیو کے عقیدت مندوں کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مقدس امرناتھ یاترا میں شرکت اپنے آپ میں ایک بڑی سعادت ہے۔ ہر سال بابا برفانی کے درشن کا موقع لاکھوں شیو بھکتوں کے لیے نہایت مبارک اور ناقابل فراموش تجربہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اس سال کی یاترا پر تمام عقیدت مندوں کو دلی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے امرناتھ یاترا کو ہندوستان کی روحانی روایت کا ایک لازوال باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال سناتن تہذیب سے وابستہ لاکھوں عقیدت مند دنیا کے مختلف حصوں سے جموں و کشمیر پہنچتے ہیں۔ مختلف زبانوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے یہ یاتری بھگوان مہادیو کی برکت حاصل کرنے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اس مقدس سفر کو مکمل کرتے ہیں۔