جے پور
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز راجستھان کے اجمیر سے سروائیکل کینسر کے خلاف قومی ہیومن پیپیلوما وائرس ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس مہم کو ملک کی ناری شکتی کو بااختیار بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔اس کے ساتھ ہی وزیرِ اعظم مودی نے راجستھان کے لیے 16,686 کروڑ روپے کی لاگت سے انجام پانے والے مختلف کاموں اور منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور افتتاح بھی کیا۔
سرکاری بیان کے مطابق، وزیرِ اعظم نے کایڑ وشرا م استھلی میں قائم ویکسینیشن مرکز سے قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی شروعات کی۔ انہوں نے 9 سے 14 سال کی عمر کی پانچ بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائے جانے کے بعد ان سے گفتگو بھی کی۔
بعد ازاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا كہ آج بہادر خواتین کی اس سرزمین سے مجھے ملک بھر کی بیٹیوں کے لیے ایک اہم مہم شروع کرنے کا موقع ملا ہے۔ اجمیر سے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز ہوا ہے۔ یہ مہم ملک کی ناری شکتی کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، راجستھان میں جن منصوبوں کا سنگِ بنیاد اور افتتاح وزیرِ اعظم نے کیا، ان میں تقریباً 8,554 کروڑ روپے کی 34 منصوبے ریاستی حکومت کے مختلف محکموں سے اور تقریباً 8,132 کروڑ روپے کی 9 بڑی منصوبہ جات مرکزی حکومت کے قومی شاہراہوں اور توانائی کے محکموں سے متعلق ہیں۔اس موقع پر ریاستی حکومت کے مختلف محکموں میں منتخب 21,863 نوجوانوں کو تقرری نامے تقسیم کیے گئے، جن کے تحت وزیرِ اعظم مودی نے خود دو نوجوانوں کو تقرری نامے دیے۔
اس پروگرام میں گورنر ہری بھاؤ باگڑے اور وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما کے ساتھ ساتھ مرکزی اور ریاستی حکومت کے کئی وزراء بھی موجود تھے۔