سیتامڑھی/ آواز دی وائس
بہار کے انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی فتح کی تصدیق کرتے ہوئے، وزیرِاعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز مہاگٹھ بندھن پر اپنے ’’کٹّا‘‘ والے طنز کو دہراتے ہوئے کہا کہ نہیں چاہیے کٹّا سرکار، پھر ایک بار این ڈی اے سرکار۔
سیتامڑھی میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم مودی نے اس ماحول کو ’’دل کو چھو لینے والا‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ فضا عوام کی این ڈی اے کے لیے واضح حمایت کا مظہر ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ آ ج سیتامڑھی میں جو ماحول ہم دیکھ رہے ہیں، وہ دل کو چھو لینے والا ہے۔ یہ ماحول یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ ہمیں کٹّا سرکار نہیں چاہیے، ایک بار پھر این ڈی اے سرکار۔ مودی نے پہلے مرحلے کی پولنگ میں بڑی تعداد میں ووٹنگ پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے عوام نے ’’جنگل راج‘‘ والوں کو ’’پینسٹھ وولٹ کا جھٹکا‘‘ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں کمال کر دیا ہے۔ جنگل راج کے لوگوں کو پینسٹھ وولٹ کا جھٹکا لگا ہے۔ ہر جگہ یہی بات ہو رہی ہے کہ بہار کے نوجوانوں نے ترقی کو چُنا ہے، این ڈی اے کو چُنا ہے۔ بہار کی بہنوں اور بیٹیوں نے بھی این ڈی اے کی تاریخی جیت یقینی بنائی ہے۔ وزیرِاعظم نے دیوی سیتا کی مقدس دھرتی پر کھڑے ہوکر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی برکت سے ہی بہار ایک ترقی یافتہ ریاست بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج میں ماں سیتا کی اس مقدس دھرتی پر آپ کی دعاؤں کی درخواست لے کر آیا ہوں۔ ایسے جوش و خروش سے بھرے لوگوں کے درمیان بیٹھ کر وہ دن یاد آ جاتے ہیں۔ ماں سیتا کی برکت سے ہی بہار ترقی یافتہ ریاست بنے گا۔ یہ انتخاب بہار کے بچوں کے آنے والے برسوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، آپ کی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ لہٰذا یہ انتخاب بہت اہم ہے۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر حملہ کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے الزام لگایا کہ یہ پارٹی بہار کے بچوں کو ’’رنگدار‘‘ (غنڈہ) بنانا چاہتی ہے، اور ان کی انتخابی مہم اس بات کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی والے بہار کے بچوں کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، یہ ان کی انتخابی مہم سے صاف نظر آتا ہے۔ ان جنگل راج والوں کے گیت اور نعرے سن لیجیے، آپ کانپ اٹھیں گے کہ یہ کیا سوچتے ہیں اور کیا کہتے ہیں۔ آر جے ڈی کے پلیٹ فارم پر معصوم بچوں سے یہ کہلوایا جا رہا ہے کہ وہ رنگدار بننا چاہتے ہیں۔
وزیرِاعظم نے زور دے کر کہا کہ بہار کے بچے ’’رنگدار‘‘ نہیں بلکہ انجینئر، ڈاکٹر، وکیل یا جج بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا بہار کا بچہ رنگدار بنے یا ڈاکٹر؟ اب بہار کا بچہ رنگدار نہیں بلکہ انجینئر، ڈاکٹر، وکیل اور عدالت میں جج بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب بہار کو ’’ہاتھ اوپر‘‘ کہنے والوں کی ضرورت نہیں بلکہ اُن نوجوانوں کی ضرورت ہے جو اسٹارٹ اپ کے خواب دیکھتے ہیں۔ مودی نے بتایا کہ حکومت بچوں کو کتابیں، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ دے رہی ہے تاکہ وہ تعلیم و کھیل میں آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بہار میں ان لوگوں کی جگہ نہیں جو ’ہاتھ اوپر‘ کہتے ہیں۔ اب بہار کو ان نوجوانوں کی ضرورت ہے جو اپنے اسٹارٹ اپ کے خواب دیکھتے ہیں۔ ہم بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ دے رہے ہیں۔ تاکہ وہ کھیلوں میں بھی آگے بڑھیں، ہم انہیں بیٹ، ہاکی اسٹک، فٹبال اور والی بال دے رہے ہیں۔
سیتامڑھی کے جلسے کے بعد وزیرِاعظم مودی بیتیاہ میں ایک اور انتخابی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے روانہ ہوں گے۔ بہار کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 65.08 فیصد کی ریکارڈ ووٹنگ ہوئی، جو ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ دوسرے مرحلے میں 122 نشستوں پر پولنگ 11 نومبر کو ہوگی، جب کہ بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج 14 نومبر کو اعلان کیے جائیں گے۔