نئی دہلی: آر ایس ایس سے وابستہ تنظیم سوَدیشی جاگرن منچ نے منگل کے روز کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی کفایتی (مِتویّتا) اپیل بھارت کی غیر ملکی انحصار کو کم کرنے اور قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم نے ایندھن کے دانشمندانہ استعمال، سونے کی خریداری مؤخر کرنے اور غیر ضروری بیرونِ ملک سفر سے گریز جیسے اقدامات کی اپیل کی تھی، تاکہ معیشت کو مضبوط کیا جا سکے اور مغربی ایشیا کے بحران کے اثرات سے عوام کو بچایا جا سکے۔ تنظیم کے قومی شریک کنوینر اشونی مہاجن نے کہا کہ یہ تمام اقدامات دراصل “سودیشی” یعنی مقامی مصنوعات کے استعمال کی طرف ایک واضح پیغام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی سے نہ صرف زرمبادلہ بچے گا بلکہ سپلائی میں رکاوٹوں اور قیمتوں کے دباؤ سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔ مہاجن کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں یہ ضروری ہے کہ بھارت درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم کرے تاکہ عالمی بحرانوں کا اثر محدود ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اپیل ملک کے معاشرتی اور معاشی رویے پر گہرا اثر ڈالے گی اور عوام، سائنسدانوں، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کو متبادل توانائی ذرائع تلاش کرنے کی ترغیب دے گی۔ تنظیم نے زور دیا کہ طویل مدتی حل توانائی کے شعبے میں خود کفالت ہے، خاص طور پر قابلِ تجدید اور سبز توانائی کے میدان میں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں، سولر اور ونڈ انرجی آلات، گرین ہائیڈروجن اور جوہری توانائی جیسے شعبوں میں مقامی پیداوار بڑھانی چاہیے تاکہ درآمدات پر انحصار کم ہو۔ مہاجن نے یہ بھی کہا کہ ایک بار بھارت توانائی اور صاف ٹیکنالوجی میں خود کفیل ہو جائے تو نہ صرف تیل پیدا کرنے والے ممالک پر انحصار کم ہوگا بلکہ چین اور دیگر ممالک پر بھی تکنیکی انحصار کم ہو جائے گا۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے صاف توانائی، الیکٹرک گاڑیوں اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے اقدامات کو سراہا اور عوام، نوجوانوں، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی اداروں سے اس قومی مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے حال ہی میں حیدرآباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے ایندھن کی بچت، میٹرو کے استعمال، کار پولنگ، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور گھروں سے کام کرنے جیسے اقدامات اپنانے کی اپیل کی تھی۔