امپھال / آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز اپنے منی پور کے دورے کے دوران امفال میں مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم مودی چرچندپور کا دورہ کرنے کے بعد امفال پہنچے، جہاں انہوں نے مختلف نسلی گروپوں سے بات کی اور انہیں تشدد ترک کر کے ریاست میں امن بحال کرنے کی کوشش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ریاست میں ’’امید اور اعتماد‘‘ کی ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے۔
یہ وزیر اعظم مودی کا پہلا دورہ ہے جب مئی 2023 میں ریاست میں نسلی تنازعہ شروع ہوا اور میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان اختلافات اس وقت سے برقرار ہیں۔ اس تنازعے نے منی پور کو گہرا نقصان پہنچایا، معیشت کو متاثر کیا، سماجی ہم آہنگی کو بگاڑا اور سیاسی استحکام کو کمزور کیا۔
چرچندپور میں عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ مرکز ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام گروپوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے امن کے راستے پر چلیں۔ آج میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہندوستان کی حکومت منی پور کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ منی پور ہمیشہ امید کی سرزمین رہا ہے، لیکن بدقسمتی سے یہ تشدد کے ایک مشکل دور سے گزرا۔ میں نے ان متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی جو کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ ان سے بات چیت کے بعد میں کہہ سکتا ہوں کہ ’’امید اور اعتماد کی نئی صبح منی پور کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے ریاست میں متعدد نسلی گروپوں کے ساتھ حالیہ امن معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لیے امن ضروری ہے۔ گزشتہ 11 برسوں میں شمال مشرق میں کئی تنازعات ختم ہو گئے ہیں۔ لوگوں نے ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے امن کے راستے کو چنا ہے۔ میں خوش ہوں کہ پہاڑی اور وادی کے کئی گروپوں کے ساتھ معاہدہ بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ یہ حکومت کی اس پہل کا حصہ ہے جو بات چیت، احترام اور باہمی سمجھ بوجھ کے ذریعے امن قائم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے چرچندپور میں 7,300 کروڑ روپے سے زائد کی متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اپنی شمولیتی، پائیدار اور ہمہ جہت ترقی کے عزم کے تحت وزیر اعظم مودی نے منی پور اربن روڈز اینڈ ڈرینج اور اثاثہ جات کے انتظام میں بہتری کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جس کی لاگت 3,600 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
انہوں نے پانچ قومی شاہراہ منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جن کی لاگت 2,500 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، منی پور انفوٹیک ڈیولپمنٹ منصوبہ، اور نو مقامات پر ورکنگ ویمن ہاسٹل قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے چرچندپور میں مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ مقامی لوگوں نے انہیں روایتی زومی شال اور تھادو کوکی شال پیش کی۔ ایک بچی نے وزیر اعظم کو ان کا پورٹریٹ بھی تحفے میں دیا۔