مودی نے سیوا تیرتھ کمپلیکس میں نئے پی ایم او کا افتتاح کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-02-2026
مودی نے سیوا تیرتھ کمپلیکس میں نئے پی ایم او کا افتتاح کیا
مودی نے سیوا تیرتھ کمپلیکس میں نئے پی ایم او کا افتتاح کیا

 



نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز سیوا تیرتھ کمپلیکس کا افتتاح کیا، جہاں وزیر اعظم دفتر (پی ایم او)، قومی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ اور کابینہ سیکریٹریٹ قائم ہوں گے۔
مودی نے نئے کمپلیکس میں سیوا تیرتھ کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ یہ نام دیوناگری رسم الخط میں عمارت کی دیوار پر درج ہے، جس کے نیچے نعرہ ’ناگرک دیوو بھو‘ تحریر ہے۔
وزیر اعظم دفتر اب رائے سینا ہلز میں واقع ساؤتھ بلاک سے سیوا تیرتھ منتقل ہو جائے گا۔ اس سے کابینہ سیکریٹریٹ اور قومی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ کے وہ دفاتر ایک ہی جگہ آ جائیں گے جو پہلے مختلف مقامات پر قائم تھے۔ افتتاحی تقریب میں وزیرِ رہائش و شہری امور منوہر لال، وزیر اعظم دفتر میں وزیرِ مملکت جتیندر سنگھ اور پی ایم او کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
افسران کے مطابق، سال 2014 سے مودی حکومت مسلسل ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کا مقصد نوآبادیاتی دور سے جڑی علامتوں سے دوری اور سوچ میں تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم دفتر کو اب سیوا تیرتھ کہا جائے گا، مرکزی سیکریٹریٹ کی عمارتوں کا نام کرتویہ بھون رکھا گیا ہے اور راج پتھ کا نام بدل کر کرتویہ پتھ کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں ریس کورس روڈ کا نام تبدیل کر کے لوک کلیان مارگ رکھا جا چکا ہے، جہاں وزیر اعظم کی رہائش گاہ واقع ہے۔ اسی طرح راج بھون اور راج نِواس کے نام بالترتیب لوک بھون اور لوک نِواس رکھے گئے ہیں۔