سومناتھ
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کو گجرات کے سومناتھ میں ایک روڈ شو کیا، جو سومناتھ امرت مہوتسو سے قبل منعقد کیا گیا۔ یہ تقریب سومناتھ مندر کی از سرِ نو تعمیر کے افتتاح کے 75 برس مکمل ہونے کی یاد میں منائی جا رہی ہے، جس کا افتتاح ہندوستان کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد نے کیا تھا۔
روڈ شو کے دوران بڑی تعداد میں حامی سڑکوں کے کنارے جمع ہوئے اور وزیرِ اعظم کا استقبال کیا، جبکہ شہر کے اہم مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔گجرات کے نائب وزیرِ اعلیٰ ہرش سنگھوی نے 9 مئی کو کہا تھا کہ نریندر مودی گجرات کے دورے پر آ رہے ہیں تاکہ سومناتھ امرت مہوتسو میں شرکت کریں اور وڈودرا میں سردار دھام کا افتتاح کریں۔
ہرش سنگھوی نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی 10 مئی کی رات جام نگر پہنچیں گے۔ جام نگر کے لوگ معزز وزیرِ اعظم کے استقبال کے لیے جمع ہو رہے ہیں، جنہوں نے ملک کی مختلف ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو شاندار کامیابی دلائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں میں وزیرِ اعظم کے دورے کو لے کر بے حد جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص جوش اور خوشی سے بھرا ہوا ہے۔ وہ 11 مئی کی صبح سومناتھ امرت مہوتسو میں شرکت کے لیے سومناتھ پہنچیں گے۔ سومناتھ میں وزیرِ اعظم کے لیے ایک عظیم روڈ شو کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد وہ بھگوان شیو کے درشن اور پوجا کریں گے۔ اسی شام وزیرِ اعظم وڈودرا میں سردار دھام کے افتتاحی پروگرام میں بھی شریک ہوں گے۔ افتتاحی تقریب کے بعد وڈودرا کے لوگ بھی وزیرِ اعظم کے استقبال کی تیاری کر رہے ہیں۔ وہاں بھی ایک بڑا روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔ پورا گجرات وزیرِ اعظم کے استقبال کے لیے بے تاب ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اپنی مجوزہ سومناتھ مندر یاترا سے قبل ایک مضمون بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے سومناتھ مندر کی تہذیبی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ان لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے صدیوں تک اس مندر کی حفاظت کی اور اس کی عظمت کو بحال کیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں نے 11 مئی کو سومناتھ کے اپنے آئندہ دورے اور اس دن کی اہمیت پر ایک مضمون لکھا ہے، جو سومناتھ اور ہماری تہذیب کی عظمت سے جڑا ہوا ہے۔ میں نے ہر اُس شخص کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جس نے بے شمار مشکلات برداشت کیں لیکن ہمیشہ سومناتھ کی حفاظت کی اور اس کی شان کو دوبارہ بحال کیا۔
اپنے مضمون میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کا یہ دورہ سومناتھ مندر کی از سرِ نو تعمیر کے افتتاح کے 75 برس مکمل ہونے کی یادگار ہوگا، جس کا افتتاح ہندوستان کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد نے کیا تھا۔ مودی نے اس سال کے آغاز میں منعقد ہونے والے ’’سومناتھ سوابھیمان پرو‘‘ کا بھی ذکر کیا، جو مندر پر پہلے حملے کے ایک ہزار برس مکمل ہونے کی یاد میں منایا گیا تھا۔ انہوں نے سومناتھ کے سفر کو ’’تباہی سے تعمیر‘‘ اور ’’ویرانی سے تخلیق‘‘ کا سفر قرار دیا۔