وزیر اعظم مودی کی بیلجیم کے وزیر اعظم ڈی ویور کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
وزیر اعظم مودی کی بیلجیم کے وزیر اعظم ڈی ویور کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت
وزیر اعظم مودی کی بیلجیم کے وزیر اعظم ڈی ویور کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت

 



نئی دہلی: یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو قومی دارالحکومت نئی دہلی میں اپنے بیلجیئم کے ہم منصب وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کی۔

ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول خارجہ سکریٹری وکرم مصری سکریٹری مغرب سیبی جارج وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال اور وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان آئے ہیں۔ ان کے ہمراہ بیلجیم کے وزیر دفاع و خارجہ تجارت تھیو فرانکن کے علاوہ اعلیٰ سطحی حکام اور کاروباری رہنماؤں پر مشتمل وفد بھی ہے۔ وفد میں بیلجیئم کی دفاعی صنعت کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کو بیلجیئم کے وزیر اعظم نے راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ بیلجیئم کے وزیر اعظم نے مہاتما گاندھی کے امن عدم تشدد اور انسانی وقار کے دیرپا پیغام کو خراج پیش کیا۔

ڈی ویور کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت سرمایہ کاری دفاع ٹیکنالوجی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے مقصد سے ہورہا ہے۔

فروری 2025 میں عہدہ سنبھالنے والے ڈی ویور کا وزیر اعظم کی حیثیت سے ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یہ 2 دہائیوں کے دوران کسی بیلجیئم کے وزیر اعظم کا ہندوستان کا پہلا دورہ بھی ہے۔

یہ دورہ ہندوستان اور بیلجیئم کے درمیان تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیش رفت کے درمیان ہورہا ہے۔ مارچ 2025 میں شہزادی آسٹِرڈ کی قیادت میں بیلجیئم کے اقتصادی مشن نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اس مشن میں کمپنیوں ایوان ہائے تجارت تعلیمی اداروں اور سرکاری اداروں سے وابستہ 338 نمائندوں نے شرکت کی تھی اور اس دوران 38 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔

اس سے قبل جمعرات کو بیلجیئم کے وزیر دفاع تھیو فرانکن نے قومی دارالحکومت میں دفاعی وزرا کی دوطرفہ ملاقات کے دوران ہندوستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو سراہا اور ہندوستان کے ساتھ شراکت داری مزید گہری کرنے پر زور دیا۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج نئی دہلی میں اپنے بیلجیئم ہم منصب کی میزبانی کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی تفصیلی تزویراتی بات چیت میں دونوں ممالک کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔

ڈی ویور کے دورے سے ہندوستان اور بیلجیئم کے درمیان حالیہ دوطرفہ پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔