نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔اس سے قبل آج وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے قومی دارالحکومت میں دورے پر آئے فن لینڈ کے صدر سے ملاقات کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح کی یہ ملاقاتیں ہندوستان اور فن لینڈ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سرکاری دورے پر ہندوستان آئے ہیں اور بدھ کے روز نئی دہلی پہنچنے پر انہیں باضابطہ استقبالیہ دیا گیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “ہندوستان میں آپ کا پرتپاک استقبال ہے! جمہوریہ فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ایکس پر اپنی صبح کی ملاقات کے بارے میں لکھا كہ آج صبح دہلی میں فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔انہوں نے فن لینڈ کے صدر کے دورے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر اسٹب کی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات ہندوستان اور فن لینڈ کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ شام کو رائزینا ڈائیلاگ میں صدر اسٹب کے خطاب کے منتظر ہیں۔
بیان کے مطابق، الیگزینڈر اسٹب کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ہوائی اڈے پر وزیر مملکت برائے خارجہ وی کے سنگھ نے ان کا استقبال کیا۔ فن لینڈ کے صدر رائزینا ڈائیلاگ 2026 کے 11ویں ایڈیشن میں مہمانِ خصوصی اور کلیدی مقرر ہوں گے، جو جغرافیائی سیاست اور جیو اکنامکس پر ہندوستان کی اہم بین الاقوامی کانفرنس سمجھی جاتی ہے۔
دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے رندھیر جیسوال نے کہا کہ “ہندوستان اور فن لینڈ کے درمیان دوستانہ اور گرمجوش تعلقات ہیں جو مشترکہ جمہوری اقدار پر مبنی ہیں”، اور صدر اسٹب کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید توانائی فراہم کرے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے میں وزراء، سینئر حکام اور کاروباری رہنماؤں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہے۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنا ہے۔سرکاری بیان کے مطابق، فن لینڈ کے صدر کے طور پر یہ الیگزینڈر اسٹب کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہے۔
رائزینا ڈائیلاگ میں شرکت کے علاوہ صدر اسٹب وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے کی ایک اہم جھلک کثیر فریقی فورمز میں تعاون اور عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی صدر اسٹب کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
اپنے دورے کے دوران فن لینڈ کے صدر، صدر دروپدی مرمو اور نائب صدر سی پی رادھا کرشنن سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی ان سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔
نئی دہلی کے دورے کے بعد صدر اسٹب ممبئی جائیں گے، جہاں وہ مہاراشٹر کے گورنر آچاریہ دیوورات اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مقامی کاروباری رہنماؤں سے بات چیت کریں گے اور یونیورسٹی آف ممبئی کے طلبہ سے خطاب بھی کریں گے۔ہندوستان اور فن لینڈ کے درمیان تعلقات گرمجوش اور کثیر جہتی ہیں، جو مشترکہ جمہوری اقدار پر قائم ہیں۔ یورپی یونین اور نورڈک خطے میں فن لینڈ، ہندوستان کے ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
یہ دورہ فن لینڈ کے وزیر اعظم پیٹری اورپو کے فروری میں ہونے والے ہندوستان کے دورے کے بعد ہو رہا ہے، جب وہ اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ یہ دونوں ممالک کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔