نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے 12 سال مکمل ہونے پر مختلف فلاحی اسکیموں کے فوائد کو اجاگر کیا اور کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی متعدد عوامی بہبود کی اسکیموں نے عام لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلیاں لائی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے انتودیہ یوجنا، سوچھ بھارت مشن، پردھان منتری آواس یوجنا، جل جیون مشن، آیوشمان بھارت اور دیگر منصوبوں کی اہم کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام اسکیموں کا بنیادی مقصد عوام کو عزت، مواقع اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنا ہے۔
مودی نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ہندوستان نے بے شمار تبدیلیاں دیکھی ہیں اور ان تبدیلیوں کے مرکز میں غریب اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود رہی ہے۔ ہمیں ہمیشہ انتودیہ کے نظریے سے تحریک ملی ہے اور ہماری کوشش رہی ہے کہ ترقی کے ثمرات ان لوگوں تک پہنچیں جو کئی دہائیوں تک محروم رہے۔ جن دھن کھاتوں اور براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) سے لے کر سوچھ بھارت، پردھان منتری آواس یوجنا، جل جیون مشن، آیوشمان بھارت اور دیگر منصوبوں تک، ہر اقدام کا مقصد لوگوں کو عزت اور مواقع فراہم کرنا رہا ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹیکنالوجی نے سماج کے غریب طبقات تک حکومتی فوائد براہِ راست پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ٹیکنالوجی نے غریبوں کی زندگی کا معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ براہِ راست فائدہ منتقلی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے امداد شفاف انداز میں براہِ راست مستحقین تک پہنچ رہی ہے۔ اس سے بدعنوانی اور وسائل کے ضیاع میں کمی آئی ہے، کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور حکمرانی پر عوام کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ اسی طرح غریب فلاح کی یہ مہم انسانی بااختیاری اور وِکست ہندوستان کے خواب کی تعبیر کی جانب ایک اجتماعی تحریک بن چکی ہے۔
پریس انفارمیشن بیورو کے مطابق، دیہی علاقوں میں غربت کی شرح 2012 میں 26 فیصد تھی جو 2024 میں کم ہو کر 5 فیصد سے بھی نیچے آ گئی ہے۔پی آئی بی کے مطابق ایک دہائی سے کچھ زیادہ عرصے میں لاکھوں دیہی خاندان غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جسے حالیہ برسوں کی سب سے اہم سماجی تبدیلیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر حکومت کا ایک اہم اصلاحی اقدام ہے جس کا مقصد فلاحی اسکیموں کے تحت فوائد کی فراہمی کے نظام کو جدید بنانا ہے تاکہ معلوماتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کے استعمال سے مستحق افراد تک مالی اور دیگر فوائد بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔اس نظام کے تحت حکومتی امداد براہِ راست مستحق افراد کے بینک یا ڈاک گھروں کے کھاتوں میں منتقل کی جاتی ہے، جبکہ بعض صورتوں میں اشیاء کی شکل میں بھی امداد فراہم کی جاتی ہے۔
ڈی بی ٹی کا آغاز یکم جنوری 2013 کو کیا گیا تھا تاکہ فلاحی منصوبوں میں معلومات اور رقوم کی ترسیل کو آسان، تیز اور شفاف بنایا جا سکے اور دھوکہ دہی و بدعنوانی میں کمی لائی جا سکے۔