نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بھارتی بحریہ کی دو بہادر خواتین افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دنیا کا چکر لگانے والی غیرمعمولی مہم ’نویکا ساگر پریکرما‘ کو کامیابی سے مکمل کیا اور پورے سفر میں حوصلے اور عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا۔وزیر اعظم نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘کے 126ویں ایپی سوڈ میں کہا: "بھارتی بحریہ کی دو بہادر افسران نے ’نویکا ساگر پریکرما‘ کے دوران حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ میں چاہوں گا کہ ’من کی بات‘ کے سامعین ان دونوں بہادر افسران سے واقف ہوں۔ ایک لیفٹیننٹ کمانڈر دلنا ہیں اور دوسری لیفٹیننٹ کمانڈر روپہ ۔ بھارتی بحریہ کی خواتین افسران لیفٹیننٹ کمانڈر روپہ اے اور لیفٹیننٹ کمانڈر دلنا کے نے اس سال مئی میں ’نویکا ساگر پریکرماII‘نامی دنیا کے گرد غیر معمولی سیلنگ مہم کو بحری جہاز آئی این ایس وی ترینی پر کامیابی سے مکمل کیا۔ اس سفر کے لیے دونوں نے تین سال تک بھرپور تیاری کی تھی۔
یہ غیر معمولی مہم 2 اکتوبر 2024 کو گوا کے نیول اوشین سیلنگ نوڈ سے، مہاتما گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر، روانہ کی گئی تھی۔ آٹھ ماہ کے عالمی سفر کے بعد یہ مہم 29 مئی کو دوبارہ گوا کے ساحل پر اختتام پذیر ہوئی۔ان آٹھ مہینوں کے دوران ان دونوں خواتین افسران نے، جنہیں#DilRoo کے نام سے جانا جاتا ہے، تقریباً 50 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس سفر میں انہوں نے چار براعظموں، تین سمندروں اور تین عظیم کیپس کا سامنا کیا، شدید موسمی حالات اور طوفانی سمندروں کو جھیلتے ہوئے محض بادبانوں اور ہوا کی طاقت پر انحصار کیا۔
یہ مہم ہندوستان کی بحری سرگرمیوں کی نمائندگی کرتی ہے، عالمی سطح پر ملک کی سمندری موجودگی کو ظاہر کرتی ہے اور بھارتی بحریہ کی عظمت کے عزم کے ساتھ ساتھ ناری شکتی کو اجاگر کرتی ہے، جس کا نعرہ ہے: ”حوصلہ مند دل، بے کنار سمندر“۔
اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ’سودیشی‘مصنوعات کو اپنائیں اور گاندھی جینتی (2 اکتوبر) کے موقع پر کھادی مصنوعات کی خریداری کو فروغ دیں۔وزیر اعظم نے اتوار کو شہید بھگت سنگھ کی 118ویں یومِ پیدائش پر بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں نوجوانوں کے لیے ایک عظیم تحریک قرار دیا۔انہوں نے ’من کی بات‘ میں بھگت سنگھ کے اس خط کو یاد کیا جو انہوں نے انگریزوں کو لکھا تھا اور قیدیِ جنگ جیسا سلوک دینے کا مطالبہ کیا تھا۔وزیر اعظم نے کہا: "امر شہید بھگت سنگھ ہر بھارتی کے لیے، خصوصاً نوجوانوں کے لیے تحریک ہیں۔ بے خوفی ان کی فطرت میں رچی بسی تھی۔ پھانسی دیے جانے سے قبل انہوں نے انگریزوں کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ انہیں اور ان کے ساتھیوں کو قیدیانِ جنگ جیسا سلوک دیا جائے اور پھانسی دینے کے بجائے گولی مار کر شہید کیا جائے۔ وہ عوام کی تکالیف کے لیے نہایت حساس تھے۔"