نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز صدر دروپدی مرمو کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جرات، سادگی، انکساری اور عوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم سے بھرپور ان کا سفر ملک بھر کے لوگوں کے لیے مسلسل باعثِ تحریک ہے۔
ہندوستان کی پہلی قبائلی خاتون صدر دروپدی مرمو ہفتہ کے روز 68 برس کی ہو گئیں۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو جی کو یومِ پیدائش کی دلی مبارکباد۔ جرات، سادگی، انکساری اور عوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل وابستگی سے مزین ان کا سفر ملک بھر کے لوگوں کو مسلسل متاثر اور حوصلہ افزائی فراہم کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی زندگی میں اپنے طویل تجربے کے دوران دروپدی مرمو نے قوم کی شاندار انداز میں خدمت کی ہے اور خاص طور پر محروم اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ سنجیدہ اور پُرجوش رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر مرمو کی ہندوستان کی ترقی کے لیے ثابت قدم وابستگی انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
مودی نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ قوم کی خدمت کرتے ہوئے طویل اور صحت مند زندگی سے نوازیں جائیں۔ آج بعد میں اڈیشہ میں منعقد ہونے والے پروگرام میں ان سے ملاقات کا منتظر ہوں۔