وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ دلائی لامہ کی تعلیمات پوری دنیا کے لوگوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں اور ان کی اخلاقی و روحانی قیادت عالمی سطح پر بے حد قابل احترام ہے۔وزیر اعظم مودی نے لکھا کہ دلائی لامہ کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔ امن اور ہم آہنگی کا ان کا پیغام دنیا بھر کے لوگوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہا ہے۔ ان کی اخلاقی اور روحانی قوت اور عالمی بھلائی کے لیے ان کا عزم قابل ستائش ہے۔ میں ان کی درازی عمر اور اچھی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
دریں اثنا ہماچل پردیش کے شملہ میں واقع درجے دراک خانقاہ میں جلاوطن تبتی بدھ راہبوں اور مقامی باشندوں نے صبح سویرے خصوصی دعاؤں اور مذہبی رسومات کا اہتمام کیا۔ یہ تقریبات دلائی لامہ کی طویل عمر اور ان کے عالمی امن کے پیغام کے نام کی گئیں۔دلائی لامہ کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ان کی پیدائش 6 جولائی 1935 کو تبت کے علاقے تاکسٹر میں ایک کسان خاندان میں ہوئی تھی۔ ان کا ابتدائی نام لہامو تھونڈپ تھا جس کا مطلب خواہش پوری کرنے والی دیوی بتایا جاتا ہے۔
2 سال کی عمر میں انہیں 13 ویں دلائی لامہ کا اوتار تسلیم کیا گیا۔ اکتوبر 1939 میں انہیں لہاسا لایا گیا اور 22 فروری 1940 کو تبت کے سربراہ کی حیثیت سے باقاعدہ طور پر منصب سنبھالا۔
6 سال کی عمر میں ان کا نام تنزین گیاتسو رکھا گیا جبکہ 17 نومبر 1950 کو نوربولنگکا محل میں منعقدہ تقریب میں انہوں نے تبت کی مکمل سیاسی قیادت بھی سنبھالی۔
مارچ 1959 میں تبتی عوامی بغاوت کو کچلنے کے بعد حالات نے اہم موڑ لیا اور دلائی لامہ کو 80 ہزار سے زیادہ تبتی پناہ گزینوں کے ساتھ ہندوستان میں جلاوطنی اختیار کرنا پڑی۔6 دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی جلاوطنی مذہبی آزادی شناخت اور سیاسی حیثیت سے متعلق جاری تنازع کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ یہ مسئلہ آج بھی بیجنگ کے لیے ایک پیچیدہ جغرافیائی اور ثقافتی چیلنج بنا ہوا ہے۔
مرکزی تبتی انتظامیہ ہر سال اس موقع پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے جن میں دنیا بھر سے عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔دلائی لامہ کے دفتر کے مطابق وہ اس سال جون کے آغاز میں بائیں گھٹنے کی تبدیلی کے آپریشن کے لیے دہلی آئے تھے۔ صحت یابی کے بعد ان کی گرمیوں میں لداخ میں قیام کی بھی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔اس سال کی تقریبات گزشتہ برس مرکزی تبتی انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی یئر آف کمپیشن مہم کے تسلسل کا حصہ ہیں۔ اس مہم میں ماحولیات کے تحفظ درخت لگانے کی مہم اور تبتی زبان و ثقافت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ دلائی لامہ کا پیغام اور ورثہ آئندہ نسلوں تک پہنچتا رہے۔