نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ملک بھر کے شہریوں کو ایک خط لکھ کر مکر سنکرانتی، ماگھ بیہو اور پونگل کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔ یہ تہوار ہندوستان کے مختلف حصوں میں فصل کٹائی کے موسم کی علامت ہیں۔
خط میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تہوار امید اور مثبت سوچ کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنکرانتی پورے ملک میں مختلف انداز میں منائی جاتی ہے، مگر اس کا جذبہ اور جوش و خروش ایک جیسا ہوتا ہے۔
کسانوں کے لیے اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تہوار اُن لوگوں کے تئیں شکرگزاری کا موقع ہے جو اپنی محنت سے قوم کی پرورش کرتے ہیں۔ ماگھ بیہو کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے اس تہوار کو آسام کی ثقافت کا آئینہ دار اور خوشی، اپنائیت اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماگھ بیہو فصل کٹائی کے موسم کے اختتام کی نشاندہی کرتا ہے اور شکرگزاری اور قناعت کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔ وزیر اعظم نے کسانوں کی خدمات کو بھی سراہا اور سب کے لیے امن، اچھی صحت اور کامیابی کی دعا کی۔
پونگل کے موقع پر وزیر اعظم نے “ونکم” کہتے ہوئے لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ تہوار انسان اور فطرت کے درمیان گہرے رشتے کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونگل زراعت، دیہی زندگی اور محنت کی عظمت کا جشن ہے، جو خاندانوں کو قریب لاتا اور سماجی رشتوں کو مضبوط بناتا ہے۔
پونگل کو تمل روایات کی خوشحالی کی علامت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک، تمل زبان کا گھر ہے۔ ماگھ بیہو، جو آسام کا ایک بڑا فصل کٹائی کا تہوار ہے، ماگھ کے مہینے میں فصل کے موسم کے اختتام کی علامت ہوتا ہے اور اسے اجتماعی دعوتوں کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
لوہڑی، پونگل، سنکرانتی اور اترائن کے ساتھ یہ تہوار اس بات کی نمائندگی کرتے ہیں کہ ہندوستان بھر میں فصل کٹائی کے تہوار کس قدر متنوع انداز میں منائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر شمالی ہندوستان میں لوہڑی کی تقریبات الاؤ، روایتی کھانوں اور لوک گیتوں کے ساتھ منائی جاتی ہیں، جو تہوار کے موسم میں گرمجوشی اور خوشی کا اضافہ کرتی ہیں۔
وزیر اعظم آج قومی دارالحکومت میں مرکزی وزیر ایل مرگن کے رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی پونگل کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔