نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِاعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے کرنول میں پیش آنے والے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے فی کس معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس افسوسناک حادثے میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
وزیرِاعظم نے زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا بھی اعلان کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیرِاعظم کے دفتر (پی ایم او) نے "ایکس" پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں پیش آئے حادثے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہے۔ اس مشکل وقت میں میری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ مزید کہا گیا کہ پی ایم این آر ایف (وزیرِاعظم قومی ریلیف فنڈ) سے ہر جاں بحق شخص کے لواحقین کو دو لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ زخمیوں کو پچاس ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق، آندھرا پردیش کے کرنول ضلع میں جمعہ کی علی الصبح ایک نجی کمپنی کی بس میں خوفناک آگ لگنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ ضلع کلکٹر اے سری کے مطابق، حادثہ صبح تقریباً 3 بجے سے 3:10 بجے کے درمیان پیش آیا، جب بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس سے ایندھن کا اخراج ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے بتایا کہ بس میں سوار 41 مسافروں میں سے 21 کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ کلکٹر نے مزید کہا کہ حادثہ صبح 3 سے 3:10 کے درمیان پیش آیا، جب بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ایندھن کے رساؤ سے خوفناک آگ لگ گئی۔ 41 مسافروں میں سے 21 کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ باقی 20 میں سے 11 کی لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ بقیہ کی شناخت کے لیے کام جاری ہے۔
یہ وولوو بس، جو ایک نجی ٹریول کمپنی کی تھی، 41 مسافروں کو لے کر حیدرآباد سے بنگلورو جا رہی تھی، جب کرنول کے کالور منڈل کے چنا ٹیکور کے قریب مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔
زخمیوں کو علاج کے لیے کرنول سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے وزیرِاعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ کرنول ضلع کے چنا ٹیکور گاؤں کے قریب پیش آئے بس حادثے کی خبر سن کر صدمہ پہنچا۔ اپنی جانیں گنوانے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر پی وی این مادھو کی ہدایت پر بی جے پی کے مقامی رہنما فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
اب تک نو زخمی مسافر اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ بس مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئی۔